سنٹرل انسٹی ٹیوٹ آف ٹول ڈیزائن میں ایس سی ، ایس ٹی طلبہ کو سہولت

   

رہائش کا معاوضہ ، بی ونود کمار کی کامیاب نمائندگی
حیدرآباد ۔5۔ فروری (سیاست نیوز) نائب صدرنشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ بی ونود کمار کی نمائندگی پر تلنگانہ شیڈول کاسٹ کوآپریٹیو ڈیولپمنٹ کارپوریشن نے سنٹرل انسٹی ٹیوٹ آف ٹول ڈیزائن بالا نگر میں ٹریننگ حاصل کرنے والے ایس سی ، ایس ٹی امیدواروں کو رہائشی معاوضہ ادا کرنے سے اتفاق کرلیا ۔ اس سلسلہ میں مینجنگ ڈائرکٹر کارپوریشن نے ڈائرکٹر سنٹرل انسٹی ٹیوٹ آف ٹول ڈیزائن کو مکتوب روانہ کیا ہے۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ پلاننگ بورڈ کے نائب صدرنشین نے 4 فروری کو جائزہ اجلاس میں ایس سی ، ایس ٹی طلبہ کے سلسلہ میں وزیر سماجی بھلائی سے نمائندگی کی۔ سنٹرل انسٹی ٹیوٹ آف ٹول ڈیزائین نے تربیت حاصل کرنے والے طلبہ کیلئے روزگار کے مواقع محدود ہے۔ لہذا امیدواروں کو رہائش کے سلسلہ میں معاوضہ ادا کیا جائے ۔ کارپوریشن کی جانب سے ایس سی ، ایس ٹی طلبہ کے کورس کی مکمل فیس ادا کی جائے گی ۔ ہاسٹل یا اس کے باہر قیام کرنے والے طلبہ کو دستاویزات کی پیشکشی پر معاوضہ دیا جائے گا ۔ ملکاجگیری لوک سبھا حلقہ کے ٹی آر ایس انچارج ایم راج شیکھر ریڈی نے اس سلسلہ میں ونود کمار کی توجہ مبذول کرائی تھی ۔ ونود کمار کی خصوصی دلچسپی سے ایس سی ، ایس ٹی طلبہ کو حاصل سہولت پر راج شیکھر ریڈی نے مسرت کا اظہار کیا۔