مسروقہ بس ضلع نرمل میں موجود ہونے کی اطلاع
حیدرآباد۔/24 اپریل، ( سیاست نیوز) شہر میں پیش آئے سنسنی خیز واقعہ میں سنٹرل بس اسٹیشن سے ایک آر ٹی سی بس کا سرقہ کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کشائی گوڑہ ڈپو سے تعلق رکھنے والی میٹرو ایکسپریس سٹی سرویس آر ٹی بس جس کا نمبر AP11-Z 6254 ہے کو کل رات سنٹرل بس اسٹیشن پر پارک کیا گیا تھا۔ آج صبح کی اولین ساعتوں میں ڈرائیور جے وینکٹیش حسب معمول اس بس کو چلانے کیلئے پلیٹ فارم پر پہنچا تو وہاں بس موجود نہیں تھی، بس غائب ہونے پر تشویش کا شکار ہوگیا۔ آر ٹی سی حکام نے بس کے اچانک غائب ہونے کے نتیجہ میں دیگر ڈرائیورس سے اس بس سرویس سے متعلق دریافت کیا لیکن اطمینان بخش جواب حاصل نہ ہونے پر پولیس اسٹیشن افضل گنج میں ایک شکایت درج کروائی گئی۔ ڈیٹکٹیو انسپکٹر کے پراوین کمار نے سرقہ کا ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے مستعدی کا مظاہرہ کیا اور بس کی تلاش کیلئے دو خصوصی ٹیمیں تشکیل دی۔ پولیس تحقیقات میں یہ معلوم ہوا کہ مسروقہ آر ٹی سی بس کو ضلع نرمل کے دور دراز مقام پر لے جایا گیا ہے اور پولیس نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا کے عہدیداروں سے رابطہ قائم کرتے ہوئے پڑوسی ریاست کے تمام ٹول گیٹس کو اس سلسلہ میں آگاہ کیاہے ۔ پولیس نے ٹول گیٹس کے سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ بھی حاصل کرلی ہے جس سے میٹرو ایکسپریس بس کی موجودگی کا پتہ چلا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ مسروقہ بس سیلف اسٹارٹ ٹکنالوجی سے لیس ہے اور اسے چالو کرنے کیلئے چابی کی ضرورت نہیں پڑتی۔ سارقین نے اس بات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اس کا سرقہ کرلیا اور پولیس نے انہیں گرفتار کرنے کیلئے اپنی کوششوں میں شدت پیدا کردی ہے۔