حیدرآباد۔26 ۔جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں اوقافی جائیدادوں کی صورتحال کا جائزہ لینے سنٹرل وقف کونسل کی ٹیم 28 تا 31 جولائی حیدرآباد کا دورہ کریگی ۔ سنٹرل وقف کونسل کی ٹیم ان دنوں ملک کی مختلف ریاستوں کے دورہ پر ہے تاکہ اوقافی جائیدادوں کے تحفظ سے متعلق ریاستوں کے اقدامات کا جائزہ لیا جاسکے ۔ کمیٹی کے ارکان ٹی نوشاد ، منوری بیگم ، رئیس خاں پٹھان ، حنیف علی ، ڈاکٹر درخشاں عندرا بی ، قاری محمد ہارون ، وسیم خاں کے علاوہ سکریٹری شاداں زیب خاں حیدرآباد میں چار دن قیام کے دوران صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم ، چیف اگزیکیٹیو آفیسر شاہنواز قاسم کے علاوہ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کریں گے ۔ بتایا جاتا ہے کہ کونسل ایجنڈہ میں ریاست کی کئی اہم جائیدادوں کی تفصیلات کا حصول شامل ہیں جن پر ناجائز قبضے ہوئے ہیں۔ سنٹرل وقف کونسل کا وفد وزیر داخلہ محمود علی ، وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور اور سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم سے بھی ملاقات کریگا ۔ اوقافی جائیدادوں کی ترقی کیلئے کونسل کی جانب سے گرانٹ کی فراہمی کا جائزہ لیا جائے گا۔ امید کی جارہی ہے کہ سنٹرل وقف کونسل ٹیم کا 4 روزہ دورہ تلنگانہ میں اوقافی جائیدادوں کے تحفظ اور ترقی میں مددگار ثابت ہوگا۔