حیدرآباد ۔ 6۔ فروری (سیاست نیوز) مرکزی وزارت اقلیتی امور نے سنٹرل وقف کونسل کی تشکیل عمل میں لائی ہے ۔ 5 مختلف زمروں کے تحت 9 ارکان کو کونسل میں شامل کیا گیا۔ تلنگانہ سے بی جے پی کے سینئر قائد حنیف علی کو بحیثیت رکن شامل کیا گیا۔ کونسل کے صدرنشین کی حیثیت سے مرکزی وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی ہوں گے۔ حنیف علی تلنگانہ ریاستی بی جے پی کے رکن عاملہ اور بی جے پی میناریٹی مورچہ کے قومی رکن عاملہ وقف کونسل کے دیگر ارکان میں رئیس خاں پٹھان (نئی دہلی) ، محمد ہارون (نئی دہلی) ، ڈاکٹر درخشاں اندرابی (جموں و کشمیر) ، وسیم راحت علی خاں (ممبئی) ، ڈاکٹر سید تنویر نسرین (کولکتہ) ، نوشاد ٹی او ایڈوکیٹ (کیرالا) ، شریمتی منوری بیگم (ٹاملناڈو) اور سید زین العابدین علی خاں (اجمیر ، راجستھان) شامل ہیں۔ کونسل کی میعاد تین سال کیلئے ہوگی۔ مرکزی حکومت نے کونسل کی تشکیل عمل میں لاتے ہوئے 4 فروری کو گزٹ نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔