سنٹرل وقف کونسل کے وفد کی الحاج محمد سلیم سے ملاقات

   

تلنگانہ وقف بورڈ کی کارکردگی کا جائزہ ، اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے لیے اقدامات سے آگہی
حیدرآباد۔12مارچ(سیاست نیوز) سنٹرل وقف کونسل کے ذمہ داروں نے صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ و رکن قانون ساز کونسل جناب الحاج محمد سلیم اور چیف ایکزیکیٹیو آفیسر جناب شاہنواز قاسم سے حج ہاؤز میں ملاقات کرتے ہوئے تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور عدالتو ںمیں زیر دوراں اوقافی جائیدادوں کے مقدمات کی تفصیلات سے آگہی حاصل کی ۔ سنٹرل وقف کونسل کے وفد میں جناب رئیس خان پٹھان ‘ جناب حنیف علی ‘ جناب نوشاد ایڈوکیٹ‘ جناب وسیم راحت علی خان‘ جناب افضل حق لاء آفیسر کے علاوہ دیگر شامل تھے جنہوں نے ریاست تلنگانہ کے اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے علاوہ تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات اور چلائی جانے والی فلاحی سرگرمیوں کی تفصیلات سے آگہی حاصل کی اور کونسل کے اراکین نے کہا کہ تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ میں مستقل چیف ایکزیکیٹیو آفیسر کے تقرر کے لئے فوری اقدامات کئے جانے چاہئے کیونکہ اوقافی امور کی نگرانی کے سلسلہ میں مستقل سی ای او کا تقرر ناگزیر ہے ۔ جناب شاہنواز قاسم ڈائریکٹر تلنگانہ محکمہ اقلیتی بہبود نے بتایا کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے مستقل سی ای او کے تقرر کے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے اور بہت جلد مستقل سی ای او کے تقرر کے احکام کی اجرائی کا امکان ہے ۔ تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کی جانب سے ریاست میں موجود اوقافی جائیدادوں کے مقدمات اور وقف بورڈ کی جانب سے ان مقدمات میں کی جانے والی پیروی کے سلسلہ میں کونسل کے ذمہ داروں نے تفصیلات حاصل کرتے ہوئے سپریم کورٹ میں درکار مدد کی فراہمی کا تیقن دیا۔ سنٹرل وقف کونسل نے صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ جناب الحاج محمد سلیم کی کارکردگی اور وقف بورڈ کی جانب سے چلائی جانے والی فلاحی اسکیمات کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ پہلا ایسا وقف بورڈ ہے جو ریاست کے اقلیتی طلبہ کو ہنرمند بنانے کے منصوبہ کو روشناس کروا چکا ہے اور یہ ایک ایسا مثالی اقدام ہے جسے دیگر ریاستو ںمیں بھی روشناس کروانے کی ضرورت ہے۔ جناب الحاج محمد سلیم نے سنٹرل وقف کونسل کے اراکین کے اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کونسل کے ذمہ داروں نے تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کی کارکردگی کی ستائش کی ہے اور بورڈ کی جانب سے کروائے جانے والے ڈیجٹلائزیشن کے علاوہ دیگر اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اجلاس کے دوران سنٹرل وقف کونسل کے ذمہ داروں نے اجلاس کے دوران صدرنشین اور سی ای او سے ریاست تلنگانہ بالخصوص شہر حیدرآباد کے اطراف و اکناف کے اضلاع میں موجود کروڑہا روپئے مالیاتی اوقافی جائیدادوں کے مقدمات کے متعلق تفصیلات دریافت کی جس پر ریاستی وقف بورڈ کی جانب سے سنٹرل وقف کونسل کے اراکین کو تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے حالیہ عرصہ میں ریاستی وقف بورڈ کو حاصل ہونے والی کامیابیوں سے متعلق واقف کروایا گیا اور کہا گیا کہ تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کی جانب سے غیر مجاز قابضین کو ہٹانے کیلئے بھی اقدامات تیز کردیئے گئے ہیں۔