سنٹرل یونیورسٹیز میں انڈرگریجویٹ کورسیس میں داخلہ کیلئے انٹرنس ٹسٹ

   

حیدرآباد ۔ 2 اپریل (سیاست نیوز) شہر میں موجود سنٹرل یونیورسٹیز آئندہ تعلیمی سال سے انڈر گریجویٹ کورسیس میں داخلوں کیلئے کامن یونیورسٹی انٹرنس ٹسٹ (CUET) کے نشانات کو قبول کریں گی۔ امیدواروں کیلئے سی یو ای ٹی درخواست رجسٹریشن کا آغاز ہفتہ سے ہوا ہے۔ گذشتہ سال تک تمام سنٹرل یونیورسٹیز کی جانب سے علحدہ انٹرنس ٹسٹس منعقد کئے جاتے تھے۔ اس میں طلبہ کو ہونے والی مشکلات کو ملحوظ رکھتے ہوئے یونیورسٹی گرانٹس کمیشن نے انڈرگریجویٹ کورسیس کیلئے CUET کو اختیار کرنے کا فیصلہ کیا جسے نیشنل ٹسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) کی جانب سے منعقد کیا جائے گا۔ یونیورسٹی آف حیدرآباد کے ترجمان پروفیسر کنچن ملک نے کہا کہ ’’ہمارے یہاں 16 یوجی انٹیگریٹیڈ کورسیس ہیں جس کے لئے CUET اسکورس پر غور کیا جائے گا۔ 2021-22ء میں ہم کو تمام کورسیس کیلئے 10 ہزار سے زائد درخواستیں وصول ہوئی تھیں۔ اس سال ہم کو اس سے زائد درخواستیں موصول نہ ہونے کی امید ہے‘‘۔ ایفلو نے بھی نہ صرف یوجی بلکہ پوسٹ گریجویٹ کورسیس کیلئے بھی CUET نشانات کو قبول کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایفلو کو ہر سال 15 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوتی ہیں اور اس میں 8 یو جی کورسیس اور 15 پی جی کورسیس ہیں۔ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، حیدرآباد بھی سی یو ای ٹی میں حصہ لے رہی ہے۔