سنچری والد کیلئے وقف، اُمید ہے انہیں فخر ہوگا: ھنوما

   

کنگسٹن ۔ یکم ستمبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ انڈیز کیخلاف دوسرے ٹسٹ میچ کی پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے مڈل آرڈر کے بلے باز ہنوما وھاری نے کہا کہ وہ اس سنچری کو اپنے والد کے لئے وقف کرتے ہیں ۔ہنوما نے پہلی اننگز میں 111 رنز بنائے جس کی بدولت ہندستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلی اننگز میں 416 رن کا مضبوط اسکور بنا لیا۔ ہنوما گزشتہ ٹسٹ میں 93 رنز پر آؤٹ ہو کر سنچری سے چوک گئے تھے لیکن اس مقابلے میں انہوں نے لنچ کے بعد پورا وقت لے کر اپنی سنچری مکمل کی۔ہنوما نے کہاکہ اپنی پہلی سنچری بنانے پر مجھے انتہائی خوشی ہے ۔ دوپہر کے کھانے کے وقت میرا اسکور 84 رنز تھا اور اس کے بعد مجھے سنچری بنانے میں کچھ وقت لگا۔ انہوں نے کہاکہ جب میں 12 سال کا تھا تو میرے والد کا انتقال ہو گیا تھا۔ میں نے فیصلہ کیا تھا کہ جب بھی میں پہلی بین الاقوامی سنچری لگا ؤں گا میں اسے اپنے والد کے لئے وقف کروں گا۔ آج میرے لئے جذباتی دن ہے اور مجھے امید ہے کہ انہیں مجھ پر فخر ہو گا۔