حیدرآباد۔22ڈسمبر(سیاست نیوز) سنکرانتی کے پیش نظر تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن اور ساؤتھ سنٹرل ریلوے کی جانب سے خصوصی بسوں اور ٹرینوں کو چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اورکہا جا رہاہے کہ سنکرانتی کی تعطیلات کے دوران مسافرین کے ہجوم اور اپنے آبائی مقامات کے علاوہ رشتہ داروں تک پہنچنے کیلئے کئے جانے والے سفر کے سبب پیدا ہونے والی مشکلات کو دورکرنے کیلئے ٹی ایس آرٹی سی کی جانب سے فوری طور پر ریاست کے مختلف اضلاع کیلئے 50 اضافی بسیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ساؤتھ سنٹرل ریلوے کی جانب سے تاحال 350 اضافی ٹرینیں چلانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔تلنگانہ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے عہدیداروں نے بتایا کہ تلسنکرانت کے موقع پر تعطیلات اور عوام کی اپنے آبائی مقامات سفر کو دیکھتے ہوئے فوری طور پر 50 بسوں کے اضافہ کا فیصلہ کیا گیا ہے اور آئندہ چند یوم کے دوران مسافرین کے ہجوم کو دیکھتے ہوئے اس بات کا فیصلہ کیا جائے گا کہ آیا بسوں کی تعداد میں مزید اضافہ کیا جائے یا نہیں !خصوصی بسوں کے آغاز کے سلسلہ میں بتایا جاتا ہے کہ آرٹی سی نے جو فیصلہ کیا ہے اسے انتظامیہ کی منظوری حاصل ہوچکی ہے۔