حیدرآباد10جنوری(یواین آئی) سنکرانتی تہوار کے پیش نظر سنکرانتی تہوار منانے کیلئے حیدرآباد سے آندھراپردیش کے اپنے آبائی مقامات کو جانے کے خواہشمندوں نے ٹرینوں اور بسوں کے ٹکٹوں کے لئے دوڑ دھوپ شروع کردی ہے ۔ہر سال یہ افراد بڑی تعداد میں اے پی کے مختلف مقامات کو جاتے ہیں ،اب جبکہ اسکولس کو تعطیلات کاآغاز ہوچکا ہے اور سنکرانتی کا تہوار بھی قریب ہے ، لوگوں کو اپنے رشتہ داروں سے ملاقات کرنے اوران کے ساتھ تہوار کی خوشی میں شامل ہونے کیلئے بے چین دیکھا جارہا ہے ۔شہر حیدرآباد کے کاچی گوڑہ ریلوے اسٹیشن،جوبلی بس اسٹیشن ، ایم جی بی ایس میں ٹکٹس کے کاونٹرس پر عوام کا ہجوم دیکھاجارہا ہے تو دوسری طرف بذریعہ آن لائن ٹکٹس کی بکنگ بھی دیکھی جارہی ہے ۔اسی دوران بتایاجاتا ہے کہ حیدرآباد سے آندھراپردیش کے مختلف مقامات تک چلائی جانے والی پرائیویٹ بسوں کے ٹکٹس کی شرحوں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے ۔مسافرین کے ہجوم سے نمٹنے کے لئے ساوتھ سنٹرل ریلوے کی جانب سے اے پی کے وجئے واڑہ ،وشاکھاپٹنم ، کاکناڈا،تروپتی ، ناگرسول،مچھلی پٹنم اور دیگر علاقوں کیلئے 25جنوری تک خصوصی ٹرینیں چلانے کا اعلان کیاگیا ہے ۔وشاکھاپٹنم کیلئے سکندرآباد سے 12خصوصی ٹرینیں چلائی جارہی ہیں۔یہ ٹرینیں عام دنوں میں چلائی جانے والی ٹرینوں کے علاوہ ہوں گی۔اسی دوران آرٹی سی کی جانب سے بھی خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔10تا14جنوری کے درمیان 5252خصوصی بسیں چلائی جائیں گی۔ٹی ایس آرٹی سی کی جانب سے تلنگانہ کے مختلف مقامات کے لئے 3673بسیں چلائی جارہی ہیں جبکہ شہر کے مختلف بس اسٹیشنوں سے اے پی کے لئے 1579بسیں چلانے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ان بسوں کی بکنگ کا آغاز کردیاگیا ہے ۔ان بسوں کی بکنگ کے لئے بھی عوام میں کافی جوش وخروش دیکھاجارہا ہے ۔