بنکر اور پاور لوم مالکان شدید مالی مشکلات سے دوچار، کے ٹی آر کا دعویٰ
حیدرآباد۔ 31 ڈسمبر (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ بنکروں اور پاور لوم مزدوروں کے مفاد میں ’’ورک ٹو اونر‘‘ اسکیم سنکرانتی تہوار سے قبل فوری طور پر شروع کی جائے۔ سرسلہ کے دورہ کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ سابق چیف منسٹر کے سی آر نے مزدوروں کو مالک بنانے کا منصوبہ تیار کیا تھا۔ اس منصوبے کے تحت مزدور نہ صرف خود کفیل ہوں گے بلکہ روزگار کے مزید مواقع بھی فراہم ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سرسلہ کو ٹاملناڈو کے مصروف ٹیکسٹائل پروڈکشن ہب کی طرح تبدیل کیا جانا چاہئے۔ کے ٹی آر نے یاددلایا کہ بی آر ایس کے دور حکومت میں سرسلہ ٹیکسٹائل صنعت کی ترقی کے لئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے گئے۔ بتکماں ساڑی اسکیم جیسے پروگرامس کے ذریعہ بنکروں کو روزگار اور آمدنی فراہم کی گئی۔ کانگریس کے دو سالہ دور حکومت میں سرسلہ کے ہزاروں بنکر اور پاور لوم مالکان شدید مالی مشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔ ایسے میں ’’ورک ٹو اونر‘‘ اسکیم کا نفاذ نہایت ہی ضروری ہوگیا ہے۔ کے ٹی آر نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر سرسلہ کو واقعی تروپور کی سطح پر لے جانا ہے تو ایسا ماحول بنانا ہوگا جہاں مزدور اعتماد آزادی اور جوش کے ساتھ کام کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل صنعت کو درپیش چیالنجس کے پیش نظر ریونت ریڈی حکومت کو فوری اور مثبت فیصلے لینے چاہئے تاکہ بنکروں اور مزدوروں کو بروقت راحت مل سکے۔ 2