فرقہ پرست حکومت کے خلاف ہندو برادران کی جانب سے غم و غصہ کا اظہار
کھمم ۔/15 جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سیاہ قوانین کے خلاف کھمم ضلع میں پچھلے ایک ماہ سے تمام مذاہب و تمام برادران وطن کی جانب سے مرکز ی حکومت کے خلاف زبردست احتجاج جاری ہے۔ سنکرانتی تہوار کے موقع پر آج کھمم شہر میں شہریت ترمیمی قانون، این پی آر ، این آر سی کے خلاف ہندو برادران کی جانب سے فرقہ پرست حکومت کے خلاف زبردست احتجاج دیکھا گیا۔ ہندو خواتین آج کھمم شہر میں اپنے گھروں کے سامنے شہریت ترمیمی قانون کے خلاف کُم کُم سے تحریر کرتے ہوئے مرکزی حکومت کے خلاف اپنے غم و غصہ کا اظہار کررہی تھیں۔ اس طرح کھمم کے ایک سنٹر پر تمام مذاہب کے لوگ جمع ہوکر فرقہ پرست طاقتوں ، زعفرانی تنظیموں اور مرکزی حکومت کے خلاف اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈز تھامے ہوئے سیاہ قانون کے خلاف زبردست نعرے لگاتے ہوئے ملک بچاؤ ، دستور بچاؤ اور ہندو مسلم بھائی بھائی کے نعروں سے کھمم کی فضاء گونج اٹھی۔ واضح رہے کہ یہی ہماری ملک کی پہچان اور گنگاجمنی تہذیب کی پہچان ہے جو آج کھمم شہر میں دیکھنے کو ملی ۔ کھمم ضلع ریاست تلنگانہ و آندھرا پردیش میں وہ واحد ضلع ہے جہاں ہندو مسلم اتحاد پورے ملک کے لئے قابل تقلید ہے۔ آج کے احتجاج سے فرقہ پرست طاقتوں کو سمجھ لینا چاہیئے کہ یہ ملک تمام مذاہب کے ماننے والوں کا ہے یہاں ہندوتوا ایجنڈے کو کبھی جگہ نہیں دی جائے گی۔ ہمارے ملک کے مقررہ قوانین کے مطابق چلے گا یہ ملک گاندھی جی، مولانا آزاد اور امبیڈکر کا ہے نہ کہ فرقہ پرست ساورکر کے ماننے والوں کا ہے۔ اس موقع پر وائی سامبا سیواریڈی، سروینواس راؤ، نرسمہا سوامی مندر کھمم کے ممبر، غوث سی پی ایم قائد، عبدالسلام سینئر سی پی آئی قائد کے علاوہ عوام اور معصوم بچوں کا کثیر مجمع شریک تھا۔