سنکرانتی تہوار کیلئے حیدرآباد سے 12 لاکھ گاڑیوں کی روانگی کا امکان

   

Ferty9 Clinic

وجئے واڑہ ہائی وے پر خصوصی نگرانی، پولیس سے ڈرونس کا استعمال
حیدرآباد۔ 11 جنوری (سیاست نیوز) وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ سنکرانتی تعطیلات کے سلسلہ میں حیدرآباد سے آندھرا پردیش کے آبائی مقامات کو تقریباً 12 لاکھ گاڑیوں سے روانگی کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال حیدرآباد سے 9 لاکھ گاڑیاں آندھرا پردیش کے لئے روانہ ہوئی تھیں جبکہ جاریہ سال 12 لاکھ گاڑیوں کی روانگی کا امکان ہے۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ٹریفک جام کی صورتحال سے بچنے کے لئے ٹول گیٹس پر خصوصی انتظامات کریں۔ انہوں نے حیدرآباد سے وجئے واڑہ جانے والے راستہ پر موجود ٹول گیٹس پر خصوصی توجہ کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ٹول گیٹ پر گاڑیوں کی قطار بننے نہ پائے۔ سنکرانتی تہوار کے سلسلہ میں گزشتہ دو دنوں سے تلنگانہ سے آبائی مقامات کو روانگی کا آغاز ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر 20 کیلو میٹر کے فاصلے پر امبولنس گاڑیوں کو تعینات کیا جائے گا۔ مسافرین کی رہنمائی کے لئے ٹول فری ہیلپ لائن نمبر جاری کیا گیا ہے۔ اسی دوران پولیس نے قومی شاہراہ 65 پر سنکرانتی کے رش سے نمٹنے کے لئے ڈرون کے ذریعہ نگرانی کا فیصلہ کیا ہے۔ تلنگانہ سے ہزاروں خاندان تہوار کے لئے آندھرا پردیش کو اپنے آبائی مقامات روانہ ہو رہے ہیں۔ فیسٹیول رش سے نمٹنے کے لئے پولیس نے اہم مقامات پر ڈرون نگرانی کا فیصلہ کیا ہے۔ پولیس کو امکان ہے کہ روزانہ تقریباً 15 تا 20 ہزار گاڑیاں حیدرآباد سے وجئے واڑہ کی سمت روانہ ہوں گی۔ روانگی اور پھر تہوار کے بعد واپسی کے موقع پر ٹریفک جام کی صورتحال سے بچنے کے لئے ڈرون کے ذریعہ نگرانی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 1