حیدرآباد۔ 4 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ آر ٹی سی نے سنکرانتی تہوار کے دوران زائد مسافرین کی سہولت کے لئے 6500 خصوصی بسیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ تعطیلات کے دوران حیدرآباد تا وجئے واڑہ روٹ پر مسافرین کا زائد ہجوم دیکھا جاتا ہے۔ آر ٹی سی نے خصوصی بسوں کے لئے مختلف روٹس کی نشاندہی کرلی ہے۔ 9 تا 19 جنوری سنکرانتی فیسٹیول کے تحت خصوصی بسیں چلائی جائیں گی۔ آر ٹی سی کے ایگزیکٹیو ڈائرکٹر پی وی مونی شیکھر کے مطابق مرحلہ وار طور پر مختلف روٹس پر بسوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔ سنکرانتی فیسٹیول کے دوران تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے درمیان مسافرین کی تعداد میں اضافہ دیکھا جاتا ہے کیونکہ یہ تہوار تلگو ریاستوں میں جوش و خروش کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ عہدیداروں کے مطابق آن لائن اڈوانسڈ رجسیٹریشن کے لئے 1500 بسوں کو مختص کیا گیا ہے اور ابھی تک 70 فیصد نشستیں بک ہوچکی ہیں۔ زیادہ تر بکنگ وجئے واڑہ، وشاکھاپٹنم، اونگول اور املہ پورم علاقوں کے لئے کی گئیں۔ آر ٹی سی نے فیسٹیول سیزن کے دوران بتر انتظامات کے لئے عہدیداروں کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔ ایل بی نگر، جوبلی بس اسٹیشن، اُپل، آرام گھر اور مہاتما گاندھی بس اسٹیشن سے اضافی بسیں چلائی جائیں گی۔ عہدیداروں کے مطابق 13 اور 14 جنوری کو بھوگی تہوار کے موقع پر مسافرین کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ واپسی کے سلسلہ میں 18 اور 19 جنوری کو مسافرین کی اضافی تعداد سے نمٹنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ 1
