سنکرانتی کے موقع پر 13 جنوری سے پریڈ گراؤنڈ پر انٹرنیشنل کائیٹ فیسٹول

   

Ferty9 Clinic

ایر بیلون فیسٹول اور ڈرون شو کا منصوبہ، 1200 مٹھائیوں کے ساتھ سوئیٹ فیسٹول : جوپلی کرشنا راؤ
حیدرآباد ۔7 ۔ جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ میں سیاحت کے فروغ کے لئے سنکرانتی کے موقع پر انٹرنیشنل کائیٹ اینڈ سوئیٹ فیسٹول کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تلنگانہ ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن نے ہاٹ ایر بیلون فیسٹول اور ہائی ٹیک ڈرون شو کے اہتمام کا اعلان کیا۔ وزیر سیاحت جوپلی کرشنا راؤ نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے تلسنکرات کے موقع پر کائیٹ (پتنگ) فیسٹول کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ انہوں نے چینی مانجہ کے استعمال کی صورت میں سخت کارروائی کا انتباہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سیاحت کے شعبہ میں سرمایہ کاری کیلئے کامیاب مساعی کی ہے۔ سیاحتی شعبہ میں سرمایہ کاری سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے حیڈرا کے اشتراک سے اہم ذخائر آب اور جھیلوں کے اطراف پتنگ فیسٹول کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ بتکماں کنٹہ ، بم رکن الدولہ ، تھمڈی کنٹہ اور نلا چیروو پر پتنگ بازی فیسٹول منعقد ہوگا۔ انٹرنیشنل کائیٹ فیسٹول 13 تا 15 جنوری پریڈ گراؤنڈ سکندرآباد پر منعقد ہوگا۔ جاریہ سال ہنومان پتنگ فیسٹول میں نیا اضافہ ہوگا۔ 19 ممالک سے تعلق رکھنے والے 40 بین الاقوامی پتنگ باز فیسٹول میں حصہ لیں گے،جن میں انڈونیشیا ، آسٹریلیا ، کینیڈا ، سی لنکا ، جاپان ، فرانس ، سوئٹزرلینڈ اور روس شامل ہیں۔ 15 ریاستوں سے 55 قومی پتنگ باز فیسٹول میں حصہ لیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ رات کے اوقات میں پتنگ بازی کا مظاہرہ کیا جائے گا۔ تلنگانہ کی روایتی تہذیب و ثقافت پر مبنی کلچرل پروگرامس منعقد کئے جائیں گے ۔ فیسٹول کے موقع پر ہینڈلوم اور ہینڈی کرافٹ کے 100 اسٹالس ہوں گے۔ 60 فوڈ کورٹس میں علاقائی غذائیں سربراہ کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ الجیریا ، تھائی لینڈ ، آسٹریلیا کے پتنگ باز پہلی مرتبہ حصہ لیں گے ۔ سوئیٹ فیسٹول کے تحت 1200 اقسام کی مختلف مٹھائیاں دستیاب رہیں گے جو ملک کی مختلف ریاستوں کی مقبول مٹھائیاں ہیں۔ فیسٹول میں حصہ لینے والی خواتین کیلئے اسٹالس مفت الاٹ کئے جارہے ہیں۔ 16 تا 18 جنوری ایر بیلون فیسٹول میں 15 بین الاقوامی بیلونس کی پرواز رہے گی۔ مارننگ بیلون رائیڈ شہر کے مضافات علاقوں میں رہے گی جبکہ نائیٹ بیلون شو پریڈ گراؤنڈ پر ہوگا۔ 16 اور 17 جنوری کو گچی باؤلی اسٹیڈیم میں ڈرون شو کا اہتمام کیا جائے گا۔1