سنکیانگ میں ایجوکیشن ٹریننگ سنٹرس نہیں بلکہ ظلم کے مراکز

   

مسلمانوں کو عقیدے سے ہٹانا چین کا واحد مقصد۔ سابق محروس عمیر کا ترکی میں بیان
استنبول 22 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) چین کے تربیت نو والے کیمپوں میں رکھے گئے مسلمانوں کے لئے صبح کی شروعات حب الوطنی کے گیتوں کے ساتھ کچھ ایسے نظریہ سے شروع ہوتی ہے اور خود پر تنقیدوں کے سیشن چلائے جاتے ہیں اور اِس سیشن کا اختتام اکثر ایسے کھانے کے ساتھ ہوتا ہے جس میں صرف خنزیر کا گوشت فراہم کیا جاتا ہے۔ یہ باتیں ایک سابق جلاوطن محروس کی بپتا سے معلوم ہوئی ہے۔ اقوام متحدہ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ چین نے سنکیانگ خطہ میں بھاری پولیس سکیورٹی والے کیمپوں میں تقریباً ایک ملین (10 لاکھ) مسلمانوں کو محروس رکھا ہوا ہے۔ اِن مسلمانوں میں زیادہ تر نسلی ایغور باشندے ہیں جو وہاں کی سب سے بڑی مسلم اقلیت ہے۔ تاہم بیجنگ نے اِن الزامات کو مسترد کردیا اور اُس کا کہنا ہے کہ وہ ایجوکیشن ٹریننگ سنٹرس چلاتا ہے جو مسلم اکثریتی خطہ میں مسلمانوں کی انتہا پسندی کے خلاف اُس کی لڑائی کا حصہ ہے۔ چین کے نائب وزیر خارجہ لی یو چینگ نے گزشتہ ہفتے کہاکہ یہ مقامات یوں سمجھئے کہ کیمپس کے مانند ہے لیکن سنکیانگ کے مقام کرامے میں واقع ایک کیمپ میں کئی ہفتے گزارنے والے نسلی قازق باشندہ عمیر بیکالی کا کہنا ہے کہ چین دنیا کو غلط باور کرارہا ہے۔ عمیر ایک سال قبل کسی طرح بھاگ کر ترکی پہونچ گیا۔

اُس کا کہنا ہے کہ چین میں تعلیم نہیں بلکہ صدمہ دیا جارہا ہے۔ اِن کیمپوں کا محض ایک ہی مقصد ہے کہ محروسین کو اُن کے مذہبی عقیدے سے ہٹادیا جائے۔ عمیر نے بتایا کہ ہر صبح تقریباً 7 تا 7.30 بجے ہمیں چینی قومی ترانہ گانا پڑتا تھا، ہم 40 تا 50 لوگ ایک ساتھ گاتے جبکہ ہمارے منہ دیوار کی سمت کردیئے جاتے۔ عمیر نے استنبول میں اپنے اوسط درجہ کے اپارٹمنٹ میں نیوز ایجنسی اے ایف پی کے نمائندے سے بات چیت میں چینی کیمپوں کی روئیداد سنائی۔ وہ نسلی ایغور اور قازق والدین کے ہاں سنکیانگ میں پیدا ہوا۔ جیسا کہ چین کے اکثر اقلیتوں کا معاملہ ہے۔ وہ کام کاج کے لئے 2006 ء میں قازقستان چلا گیا تھا جہاں اُسے قازقستان کی قومیت حاصل ہوئی۔ اُس کی مشکلات مارچ 2017 ء میں شروع ہوئی جب اُسے سنکیانگ میں گرفتار کیا گیا جبکہ وہ اپنی قازق ٹراویل ایجنسی کے لئے بزنس ٹرپ پر وہاں پہونچا تھا۔ اُس پر دہشت گردی کی مدد کرنے کے الزامات عائد کرتے ہوئے جیل میں ڈال دیا گیا جہاں اُس نے 7 ماہ گزارے۔