بیجنگ: کپڑے اور جوتے بنانے والی کپمنی نائیکی نے چین میں سنکیانگ کے علاقے میں جبری مشقت کی رپورٹس پر ’تشویش‘ کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ وہاں کی کپاس استعمال نہیں کرتی۔ چینی سوشل میڈیا صارفین نائیکی کے بیان پر برہمی کا اظہار کر رہے ہیں۔ برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق یہ بیان جمعرات کو چین کی ٹوئٹر سوشل میڈیا سائٹ ویبو پر سب سے زیادہ بحث کا موضوع رہا اور اس پر کافی تنقید ہوئی۔اس تنازعے پر چین کے مشہور اداکار وینگ ایبو نے نائیکی کے نمائندے کے طور پر اپنے کام کا کانٹریکٹ ختم کر دیا۔ان کی ایجنسی نے ویبو پر ایک بیان میں جمعرات کو کہا کہ انہوں نے سوشل میڈیا پر نائیکی کے سنکیانگ سے متعلق بیان پر ہونے والی تنقید کے پیش نظر اپنا کانٹریکٹ ختم کر دیا ہے۔تاہم یہ بات واضح نہیں کہ نائیکی نے یہ بیان کب دیا تھا کیونکہ اس پر کوئی تاریخ نہیں لکھی ہوئی اور نائیکی سے اس حوالے سے کوئی جواب نہیں دیا ہے۔
