دسہرہ سے قبل ادائیگی ۔ چیف منسٹر کے سی آر کا اعلان
حیدرآباد 5 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) سنگارینی کالریز کمپنی لمیٹیڈ کے ورکرس کیلئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے 29 فیصد بونس کا اعلان کیا ہے ۔ یہ بونس گذشتہ سال سے ایک فیصد زیادہ ہے ۔ اس اعلان سے کمپنی کے ملازمین کو بڑی راحت ملے گی ۔ یہ واضح کرتے ہوئے کہ ریاستی حکومت سنگارینی ورکرس کی فلاح و بہبود کی پابند ہے چیف منسٹر نے کمپنی کے صدر نشین این سریدھر سے کہا کہ وہ دسہرہ تہوار سے قبل بونس ادا کردیں۔ سنگارینی کالریز کمپنی لمیٹیڈ کے امور پر پرگتی بھون میں جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کمپنی کی سرگرمیوں کو کمپنی اور ورکرس کے مفادات میں وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ کوئلہ کی کانکنی کے علاوہ کمپنی کو دیگر شعبوں تک بھی وسعت دینے کی ضرورت ہے ۔ وزیر سماجی بہبود کے ایشور کی جانب سے سنگارینی کے سبکدوش ملازمین کی بھی مدد کرنے کی درخواست پر چیف منسٹر نے مثبت رد عمل ظاہر کیا اور عہدیداروں سے کہا کہ وہ رپورٹ تیار کریں کہ ریاستی حکومت کس طرح ان کی مدد کرسکتی ہے ۔ سبکدوش ملازمین کو ماہانہ دو ہزار روپئے وظیفہ مل رہا ہے ۔