سنگارینی کالریز میں 50 ہزار کروڑ اسکام کی سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ

,

   

ٹی آر ایس نے بی جے پی کوالیکشن فنڈ دیا، بی جے پی کی مدد کیلئے اویسی کی مہم، دہلی میں ریونت ریڈی اور وینکٹ ریڈی کی پریس کانفرنس

حیدرآباد۔/22 مارچ، ( سیاست نیوز) کانگریس ارکان پارلیمنٹ ریونت ریڈی اور کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے سنگارینی کالریز میں 50 ہزار کروڑ کے اسکام کی سازش کا چیف منسٹر کے سی آر پر الزام عائد کرتے ہوئے اس معاملہ کی سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ نئی دہلی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی اور وینکٹ ریڈی نے اسکام کے بارے میں وزیر اعظم نریندر مودی کی خاموشی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اس معاملہ میں بی جے پی اور ٹی آر ایس کی ملی بھگت دکھائی دیتی ہے۔ اسکام کے بارے میں وزیر اعظم اور مرکزی تحقیقاتی ایجنسیوں کو بارہا ثبوت کے ساتھ شکایت کی گئی لیکن کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ برسراقتدار ٹی آر ایس پارٹی سنگارینی کالریز کے کول مائنس کو خانگیانے کے ذریعہ 50 ہزار کروڑ کی لوٹ کی تیاری کرچکی ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ اوڈیشہ میں موجود ان کانوں کے آکشن کی تیاری کرلی گئی ہے۔ کے سی آر کے قریبی مددگار بی سرینواس راؤ کی کمپنی کو کانکنی کے اختیارات حوالے کرنے کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے این سریدھر نامی عہدیدار کو 7 سال گذرنے کے باوجود عہدہ پر برقرار رکھا ہے۔ اس معاملہ میں مرکزی حکومت کی خاموشی سے شبہات پیدا ہورہے ہیں۔ مرکزی وزیر کوئلہ پرہلاد جوشی نے تلنگانہ حکومت سے کوئی رپورٹ طلب نہیں کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنڈی سنجے اور دیگر بی جے پی قائدین چیف منسٹر کے سی آر کے جیل جانے کے بارے میں بیانات جاری کررہے ہیں لیکن مرکزی حکومت کے سی آرکی بدعنوانیوں کی جانچ کیلئے تیار نہیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ مرکزی حکومت ٹی آر ایس اور کے سی آر کو بچانے کی کوشش کررہی ہے۔ بی جے پی اور ٹی آر ایس نے اپنے مفادات کیلئے باہم سمجھوتہ کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر بی جے پی کو فائدہ پہنچانے کیلئے یو پی اے کی حلیف جماعتوں میں پھوٹ پیدا کرنے کی مہم پر ہیں جبکہ اسد الدین اویسی بی جے پی کو کامیاب کرنے کیلئے مختلف ریاستوں میں الیکشن لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر مختلف ریاستوں کے انتخابات میں بی جے پی کو فنڈز فراہم کررہے ہیں۔ کانگریس کو کمزور کرنے کے مقصد سے اسد اویسی مختلف ریاستوں میں سیکولر ووٹ تقسیم کرنے کی مہم پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سنگارینی کالریز اسکام پر کانگریس ہائی کورٹ سے رجوع ہوگی۔ر