سنگارینی کالریز کمپنی کے ملازمین کے افراد خاندان کو ملازمتیں

   

ہر ماہ مرحلہ وار احکامات تقرر ، چیرمین و ایم ڈی کے مشورہ پر ڈائرکٹر کے اقدامات

حیدرآباد ۔8 اگست ( سیاست نیوز) سنگارینی کالریز کمپنی لمٹیڈ انتظامیہ نے ملازمین جن کی موت واقع ہوگئی ہے اور ایسے ملازمین جن کی صحت کی ناسازی کے سبب رضاکارانہ طور پر ملازمت سے سبکدوش ہوئے ہو ، علاوہ ازیں ملازمین جو فی الوقت ملازمت کرنے کے موقف میں نہ رہنے کی وجہ سے ہی خود عہدیدار انہیں رضاکارانہ طور پر ملازمت سے سبکدوش کرنے کے اقدامات کئے ہوں ایسے ملازمین کے کسی ایک فرد خاندان کو ملازمتیں فراہم کرنے میں اپنی اولین ترجیح دے رہی ہے اور اس سلسلہ میں خود انتظامیہ کی جانب سے زیرالتواء درخواستوں کی یکسوئی کیلئے اپنے عمل میں تیزی پیدا کر کے جلد سے جلد تقررات عمل میں لانے کے اقدامات کررہی ہے ۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ تقررات کے سلسلہ میں کمپنی نے ماہ اپریل 2018ء سے اب تک جملہ 3,300 ملازمین کے وارثوں کو ( ملازم کے فرد خاندان کو ) تقررات فراہم کرتے ہوئے احکامات تقررات بھی حوالہ کئے ۔ اس طرح ہر ماہ کم از کم 230 سے 270 افراد کو احکامات تقرر جاری کر کے انہیں ملازمت فراہم کی جارہی ہے ۔ صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر سنگارینی کالریز کمپنی پرائیوٹ لمٹیڈ مسٹر سریدھر کے مشوروں کے مطابق ڈائرکٹر چندر شیکھر اپنی دلچسپی کے ذریعہ میڈیکل بورڈ میں ’’ان فٹ ‘‘ ورکروں کے بچوں کو فوری طور پر ملازمتیں فراہم کرنے کیلئے تمام ایریا جنرل منیجروں کو صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر سنگارینی کالریز کمپنی لمٹیڈ نے احکامات جاری کئے ۔ ان فٹ ( خدمات انجام دینے کے قابل نہ رہنے والے ورکروں) کیلئے ان کے وارث کسی بھی فرد خاندان کے نام سے درخواست پیش کرنے کے ساتھ تقرر عمل میں لانے سے متعلق کارروائی مکمل فوری طور پر احکامات تقررات جاری کے اقدامات جاری کئے جارہے ہیں ۔ احکامات تقررات حاصل کرنے والے وارث افراد انہیں الاٹ کردہ علاقہ میں ایم ای ٹی سی ٹریننگ حاصل کر کے اپنی نئی ملازمت سے رجوع ہورہے ہیں ۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ بعض ان فٹ ورکرس اپنے وارث ( یعنی فرد خاندان کا نام ) کا نام دینے میں اور درخواست پیش کرنے میں کافی تاخیر کررہے ہیں جس کی وجہ سے ورکر کے وارث کو ملازمت فراہم کے عمل میں اہمیت دینے اور جو ابھی تک اپنے وارث کا نام پیش نہ کئے ہوں ان سے رجوع ہوکر درخواست حاصل کر کے ان درخواستوں کو زیرالتواء نہ رکھتے ہوئے تیزی کے ساتھ تقررات کے عمل کو مکمل کرنے کیلئے اقدامات کرنے کی ڈائرکٹر سنگارینی کالریز کمپنی لمٹیڈ چندر شیکھر نے جاریہ ماہ 3ستمبر کو ایک سرکیولر جاری کیا ۔