کمپنی تلنگانہ کا اثاثہ، ریاستی سکریٹری سامبا سیوا راؤ کا خطاب
حیدرآباد 5 جولائی (سیاست نیوز) سنگارینی کالریز کو خانگیانے کی کوششوں کے خلاف سی پی آئی کی جانب سے آج سنگارینی بھون کے روبرو دھرنا منظم کیا گیا۔ سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری کے سامبا سیوا راؤ رکن اسمبلی نے دھرنے کی قیادت کی۔ سنگارینی کالریز کی کانوں کو خانگیانے کے خلاف سی پی آئی احتجاج کررہی ہے۔ پارٹی نے مرکزی اور ریاستی حکومتوں سے مطالبہ کیاکہ سنگارینی کالریز کا تحفظ کیا جائے اور کانوں کو خانگیانے کے بجائے اسے سنگارینی کمپنی کے حوالے کیا جائے۔ سامبا سیوا راؤ نے کہاکہ سنگارینی کالریز تلنگانہ کا ایک اہم اثاثہ ہے اور اُسے خانگیانے کی سازش کو کامیاب ہونے نہیں دیا جائے گا۔ سابق بی آر ایس حکومت نے خانگیانے کے عمل میں مرکزی حکومت سے تعاون کیا تھا۔ اُنھوں نے کانوں کے ہراج کا عمل فوری منسوخ کرتے ہوئے سنگارینی کالریز کو کانکنی کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا۔ بائیں بازو کی جماعتیں سنگارینی کالریز کے ملازمین کے مطالبات کے حق میں بند کا اعلان بھی کرچکی ہیں۔ کانگریس کی ریاستی حکومت سے سامبا سیوا راؤ نے مطالبہ کیاکہ وہ مرکز کو کانوں کے خانگیانے کے عمل سے روکنے کیلئے نمائندگی کریں۔ اِس موقع پر سی پی آئی قائدین ای ٹی نرسمہا، انجیا نائک، پشپا پدما، ڈی نارائنا اور پی نرسمہا شریک تھے۔ 1