فی کس 195610 کی ادائیگی، کمپنی کو خالص 12360 کروڑ کا منافع
حیدرآباد ۔ 22 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سنگارینی کالریز کمپنی لمٹیڈ کے ورکرس کیلئے 819 کروڑ روپئے بطور بونس ادا کرنے کا اعلان کیا۔ دسہرہ کے تحفہ کے طور پر چیف منسٹر نے بونس کی ادائیگی کا اعلان کیا جس کے تحت ہر ورکر کے بینک اکاؤنٹ میں 195610 روپئے جمع کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر نے سنگارینی کالریز کے منافع اور اس میں ورکرس کی حصہ داری کی تفصیلات جاری کیں۔ اس موقع پر ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا ، ریاستی وزراء جی ویویک وینکٹ سوامی ، ڈی سریدھر بابو ، سرینواس ریڈی ، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور عوامی نمائندے موجود تھے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ کی جدوجہد میں سنگارینی کالریز کے ورکرس کا رول تاریخی اہمیت کا حامل ہے جسے فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ کانگریس پارٹی اور حکومت ہمیشہ سنگارینی ورکرس کے رول کو احترام کی نظر سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنگارینی کو منافع بخش ادارہ میں تبدیل کرنے کیلئے ورکرس کی محنت قابل ستائش ہے۔ لہذا حکومت نے کمپنی کے منافع میں ورکرس کو حصہ داری دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سنگارینی کو کارپوریٹ کمپنیوں کی طرز پر ترقی دی جائے گی۔ کمپنی کی جملہ آمدنی 6394 کروڑ ریکارڈ کی گئی جس میں 4034 کروڑ مستقبل کی سرمایہ کاری کیلئے الاٹ کئے گئے۔ کمپنی کا خالص منافع 12360 کروڑ ہیں جس میں کمپنی کے مستقل ملازمین کیلئے 34 فیصد بونس کے طورپر 819 کروڑ مختص کئے گئے ۔ گزشتہ سال کمپنی نے کنٹراکٹ ملازمین کو بونس کے طور پر 5000 روپئے ادا کئے تھے۔ اس مرتبہ انہیں 5500 روپئے ادا کئے جائیں گے ۔ ورکرس نے خانگی افراد کی جانب سے تیار کی گئی کانوں کو سنگارینی کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ خانگی شراکت داری میں اضافہ سے سنگارینی کے وجود کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔ اس سلسلہ میں مرکزی حکومت سے بات چیت کرتے ہوئے مسئلہ کی یکسوئی کی جائے گی۔ انہوں نے سنگارینی ورکرس کو آئندہ بھی حکومت کی جانب سے امداد کا یقین دلایا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ دیپاولی کے موقع پر بھی ملازمین کو بونس دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت سنگارینی کالریز کو منافع بخش کمپنی میں تبدیل کرنے کے عہد میں قائم ہیں اور مستقبل میں بھی سنگارینی کالریز کی مدد کی جائے گی۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے سنگارینی کالریز ورکرس کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ ورکرس نے کمپنی کو منافع بخش ادارہ میں تبدیل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے دسہرہ کے موقع پر کمپنی کے 71 ہزار ملازمین کو بونس کی اجرائی کا فیصلہ کیا ہے۔ مستقل ملازمین کو 195610 روپئے جبکہ کنٹراکٹ ملازمین کو 5500 روپئے ادا کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے خانگی کمپنیوں کی حوصلہ افزائی سے سنگارینی ورکرس میں تشویش پائی جاتی ہے۔ اس مسئلہ کی یکسوئی کیلئے مرکز سے بات چیت کی جائے گی۔ چیف منسٹر نے اس موقع پر بونس کا علامتی چیک عہدیداروں کے حوالے کیا۔1