سعید آباد منڈل آفس پر سی پی آئی گریٹر حیدرآباد کا احتجاج ، سید عزیز پاشاہ و دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔3جولائی(سیاست نیوز)کمیونسٹ پارٹی آف انڈیاگریٹر حیدرآباد کی جانب سعید آباد منڈل ریونیودفتر پر احتجاجی دھرنا منعقد کرتے ہوئے سنگارینی کالونی کی جھونپڑیوں میںزندگی گذار رہے لوگوں کو ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر اور پٹہ جات کی اجرائی کا مطالبہ کیاگیا۔ سی پی آئی قومی عاملہ کے رکن اور قومی صدر تنظیم انصاف سید عزیز پاشاہ نے اس موقع پر میڈیاسے بات کرتے ہوئے کہاکہ 2015میںاس وقت کے میونسپل ایڈمنسٹریشن وزیر کے ٹی رامارائونے سنگارینی کالونی میں ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھاتھامگر پانچ سال کا عرصہ گذر جانے کے بعد بھی وہاں پر تعمیر ی سرگرمیاں شروع نہیںہوئی ہیں۔ انہوں نے چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو کوجاگیردارانہ سونچ کے حامل لیڈر قراردیتے ہوئے کہاکہ ایک سال سے کم وقفہ میںپرگتی بھون کی تعمیر ہوجاتی ہے ‘ اپنے آرام وآسائش کیلئے نئے سکریٹریٹ او رنئی اسمبلی کی عمارت کاکام شروع کرنے میں عجلت کی جاتی ہے مگر غریب او ربے گھر عوام کے لئے ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیرریاستی انتظامیہ کے لئے مشکل ہورہی ہے۔ سی پی آئی گریٹرحیدرآباد جنرل سکریٹری ای ٹی نرسمہا نے حکومت کو سخت الفاظ میںانتباہ دیتے ہوئے کہاکہ اندرون چار یوم اگر حکومت سنگرینی کالونی میںڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر کے لئے کوئی پیش رفت نہیںلیتی ہے توسی پی آئی سنگارینی کالونی کے عوام کے ساتھ پرگتی بھون( چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو کا گھر اوردفتر) کا گھیرائو کریں گے۔ سنگارینی کالونی کے سینکڑوں لوگوں کے ہمراہ سی پی آئی قائدین او رکارکنوں کی کثیرتعداد نے احتجاجی دھرنے میںحصہ لیا۔ بعدازاں کمیونسٹ قائدین نے متعلقہ ایم آر او کو اس ضمن میںایک تحریری یادواشت پیش کی۔ سی پی آئی قائدین شنکر نائیک‘ ایس اے منان او ردیگر اس موقع پر موجود تھے۔
