سنگارینی کو خانگیانے کی کوشش بی جے پی کو مہنگی پڑے گی

   

مرکزی وزیر پرہلاد جوشی کو کے ٹی آر کا مکتوب ، تجویز سے دستبردار ہوجانے کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ 7 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت کے ٹی آر نے مرکزی وزیر پرہلاد جوشی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے سنگارینی ادارہ کو خانگیانے کی تجویز سے فوری دستبرداری اختیار کرنے کا مطالبہ کیا ۔ بصورت دیگر بی جے پی کے خلاف ایک اور تحریک شروع ہونے کا انتباہ دیا ۔ کے ٹی آر نے اپنے مکتوب میں بتایا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد ادارہ سنگارینی ترقی کے نئے ریکارڈز قائم کررہا ہے ۔ فائدے میں چلنے والے ادارہ کو مرکزی حکومت نے خانگی شعبہ کے حوالے کرنے کی سازش کررہی ہے ۔ جس کو ٹی آر ایس ہرگز قبول نہیں کرے گی ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ تلنگانہ کے لیے سنگارینی صرف کول مین ہی نہیں بلکہ گولڈ مین ہے ۔ جس سے چھیڑ چھاڑ کرنے کی کوشش بی جے پی کو مہنگی ثابت ہوگی ۔ جب سے مرکز میں بی جے پی کی حکمرانی قائم ہوئی ہے ۔ تب سے سماج کے کسی نہ کسی طبقہ کو ایک منظم سازش کے تحت پریشان کیا جارہا ہے ۔ غریب عوام کے مفادات کو نقصان پہونچاتے ہوئے صنعتکاروں اور کارپوریٹ سیکٹر کو فائدہ پہونچایا جارہا ہے ۔ زرعی شعبہ میں سیاہ قوانین متعارف کراتے ہوئے کسانوں کے مفادات کو نقصان پہونچانے کی کوشش کی گئی ۔ کسانوں کے احتجاج کے سامنے بالآخر مرکزی حکومت کو گھٹنے جھکانا پڑا ۔ اب بلاک گولڈ پر مرکزی حکومت کی نظر پڑی ہے ۔ سنگارینی ادارہ تلنگانہ کے لیے سب کچھ ہے ۔ اگر سنگارینی کو نقصان پہونچایا گیا تو بی جے پی کو سبق سکھایا جائے گا ۔ بی جے پی کے خلاف تلنگانہ میں اس طرح مہم شروع کی جائے گی کہ بی جے پی سنبھل نہیں پائے گی ۔ بی جے پی کے خلاف تلنگانہ سے ہی سارے ملک میں مہم شروع ہوگی ۔ سنگارینی مزدور دہلی پہونچ کر مرکزی حکومت کے خلاف احتجاج کریں گے ۔ جس طرح کسانوں نے احتجاجی مہم چلائی تھی اس طرح مہم چلائی جائے گی ۔ سنگارینی کا تحفظ کرنے کے لیے ٹی آر ایس ہر ممکن کوشش کرے گی ۔۔ ن