وصول شدہ عطیات 30 مارچ کو ایرانی قونصلیٹ میں جمع کروائی جائے گی
سنگاریڈی۔ 27 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سنگاریڈی کے محلہ اوپر بازار کی چند خواتین پر مشتمل ایک گروپ نے ایران پر امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے مسلط کردہ جنگ کی سخت مذمت کرتے ہوئے ایران کے عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہیکہ جنگ کی وجہ سے ایران کے عام شہری شدید مشکلات اور پریشانیوں کا شکار ہو رہے ہیں۔ بلخصوص چھوٹے اور کمسن بچے بہت زیادہ متاثر ہے۔ انہیں بہتر طبی خدمات اور ادویات کی سخت ضرورت ہے۔ ان حالات کے پیش نظر انسانیت کے ناطے ایرانی بچوں کی طبی سہولیات اور ادویات کی فراہمی کے لیے مدد کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ چنانچہ محلہ اوپر بازار کی خواتین نے ایک منظم امدادی مہم کا آغاز کیا ہے، جس کے تحت سنگاریڈی کے عوام سے عطیات بشکل نقد رقم جمع کئے جا رہا ہیں تاکہ متاثرہ ایرانی عوام کی مدد کی جا سکے۔ خواتین کا کہنا ہے کہ جمع شدہ رقم کو حیدرآباد میں واقع ایرانی قونصل خانے میں جمع کرایا جائے گا، جہاں سے اسے متاثرین تک پہنچایا جائے گا۔ خواتین نے اس موقع پر کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ایران کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جا سکتا اور سنگاریڈی کے عوام ہمیشہ کی طرح انسانیت کے جذبہ کے تحت آگے آئیں گے۔ انہوں نے اہلیانِ سنگاریڈی سے اپیل کی کہ وہ دل کھول کر اس امدادی مہم میں حصہ لیں اور اپنے ایرانی بھائیوں اور بہنوں کی مدد کریں۔ نقد عطیات جمع کروانے کے لیے جناب رمضان بٹ مرحوم کے مکان کے روبرو کاونٹر قائم کیا گیا۔ 30 مارچ بروز پیر تک عوام سے عطیات وصول کئے جائیںگے اور اس کے بعد ایرانی قونصلیٹ حیدرآباد میں جمع کردیا جائگا۔ ان خواتین نے مزید کہا کہ اس طرح کی مہمات نہ صرف انسانیت کی خدمت کے لیے ہے بلکہ اس سے عالمی بھائی چارہ اور ہمدردی کا عملی مظاہرہ بھی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سنگاریڈی کے عوام اس نیک کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے اور متاثرہ افراد کی تکالیف کو کم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔