چنتا پربھاکر کو ٹکٹ دینے پر سینئر عوامی قائد پی مانکیم مستقبل کے لائحہ عمل کیلئے سرگرم
سنگاریڈی۔ 3 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) پی مانکیم وائس چیرمین ڈسٹرکٹ کوآپریٹیو سنٹرل بینک متحدہ ضلع میدک و سینئر قائد بی آر ایس پارٹی نے حلقہ اسمبلی سنگاریڈی سے بی آر ایس پارٹی ٹکٹ انھیں دینے کا پارٹی ہائی کمان سے مطالبہ کیا تھا تاہم پارٹی نے چنتا پربھاکر کو پارٹی ٹکٹ دیا ہے جس سے ناراض پی مانکیم نے مستقبل کا لائحہ عمل ترتیب دینے کے لیے آج شام شلپا رامم فنکشن ہال سنگاریڈی میں اپنے حامیوں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں روی تیجا، منوج ریڈی،جی سریدھر ریڈی، پریما نندم’ محمد لطیف’ محمد یاور’ پون کمار’ سری سیلم نمائندہ کونسلر و دیگر کے علاوہ مانکیم کے حامیوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر پی مانکیم نے مخاطب کرتے ہوے کہا کہ وہ چیف منسٹر کے سی آر اور وزیر ہریش راو کے ممنون و مشکور ہیں کہ انھوں نے پارٹی میں دیگر پارٹی کے قائد کو شامل ہونے نہیں دیا اور حلقہ اسمبلی سنگاریڈی کا ٹکٹ بی سی طبقہ کو دیا لیکن موجودہ امیدوار کی جگہ کسی اور امیدوار کو موقع دینا چاہئے تھا۔ حلقہ اسمبلی سنگاریڈی میں ان کے بشمول 5 بی سی قائدین نے ٹکٹ کی خواہش کی تھی ان میں کسی ایک کو موقع دینا چاہئے۔ انھوں نے کہا کہ حلقہ اسمبلی سنگاریڈی سے بی آر ایس کو ایک طاقتور امیدوار کی ضرورت ہے جو شدت کے ساتھ کانگریس امیدوار کا مقابلہ کرسکے۔ انھوں نے کہا کہ بی آر ایس سربراہ کے سی آر نے پارٹی امیدواروں کا اعلان کرتے وقت کہا تھا کہ مستقبل میں امیدواروں میں ردوبدل ہوسکتا ہے اور انھیں یقین ہیکہ کے سی آر حلقہ سنگاریڈی کے سروے رپورٹس کی بنیاد پر ٹکٹ تبدیل کرتے ہوے انہیں دیا جائگا۔ مانکیم نے کہا کہ وہ بی آر ایس میں ہیں اور پابند ڈسپلین ہیں۔ پارٹی ٹکٹ کے لیے کوشش کرنا غلط عمل نہیں ہے اور لمحہ آخر تک پارٹی امیدوار تبدیل کرتے ہوے انہیں نامزد کرنے کے لیے کوشش کرتے رہیں گے۔ انھوں نے کہا کہ وہ 35 سال سے سرگرم سیاست میں ہیں اور پیاکج کے ذریعہ انھیں خاموش کرنا ناممکن ہے۔ عوام کی خدمت کے لیے مانکیم فاونڈیشن اور وہ خود عوام کی خدمت کے لیے ہمیشہ وقف رہیں گے۔اسی طرح ٹکٹ کے مسئلہ پر ناراض سرگرمیوں کے سبب بی آر ایس میں اتھل پتھل کے آثار دکھائی دے رہے ہیں۔