کمشنر محکمہ صحت آر وی کرنن اور کلکٹر وی کرانتی کا دورہ ، مختلف شعبہ جات کا جائزہ
سنگاریڈی، 24 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محکمہ صحت اور خاندانی بہبود کے کمشنر آر وی کرنن نے سنگاریڈی کے سرکاری جنرل اسپتال میں ضلع کلکٹر ویلور کرانتی کے ساتھ مل کر اچانک معائنہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے بچوں کے وارڈ، او پی ، لیبر روم، ایل ڈی آر رومز اور آپریشن تھیٹرز کا جائزہ لیا ۔ہسپتال کے گردونواح اور ہسپتال میں صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا انہوں نے متعلقہ وارڈز میں مریضوں سے بات کی اور فراہم کی جانے والی طبی خدمات، ادویات وغیرہ کے بارے میں دریافت کیا۔بچیوں کا قومی دن منایا جا رہا ہے ۔ کلکٹر اور کمشنر نے میٹرنٹی وارڈ میں بچیوں کی ماؤں میں پھل تقسیم کئے۔اس موقع پر محکمہ صحت اور خاندانی بہبود کے کمشنر نے اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر انیل کمار کو او پی کاؤنٹر بڑھانے کا مشورہ دیا ۔انہوں نے ہسپتال کی انتظامیہ اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی خدمات پر اطمینان کا اظہار کیا۔بعد ازاں کمشنر اور کلکٹر نے نیشنل گرل چائلڈ ڈے کے موقع پر میڈیکل کالج کے احاطہ میں پودوں کی شجرکاری کی ۔اس موقع پر میڈیکل کالج کے پرنسپل ڈاکٹر وانی، اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر انیل کمار، خواتین اطفال کی بہبود آفیسر سندھیا رانی، ڈاکٹروں، سی ڈی پی او، خواتین اطفال کی بہبود کے محکمہ کے افیسر ، طبی عملہ اور دیگر عہدے دار موجود تھے۔