سنگاریڈی ضلع میں راشن چاول کی غیر قانونی اسمگلنگ

   

کے خلاف کارروائی تیز ضلع کلکٹر پی پروینیا
سنگاریڈی 23 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )سنگا ریڈی ضلع کلکٹر پی پروینیا نے کہا ہے کہ راشن چاول کی غیر قانونی اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اس ضمن میں تمام محکموں کو تال میل کے ساتھ مؤثر کارروائی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ سنگا ریڈی کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں راشن چاول کی غیر قانونی اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی سے متعلق درج 6-A مقدمات کی پیشرفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد کی گئی۔ اس اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹر (ریونیو)، ڈسٹرکٹ سول سپلائز آفیسر، ڈی ایم سول سپلائیز، پولیس افسران، کمرشل ٹیکس افسران، نائب تحصیلدار (انفورسمنٹ) اور دیگر متعلقہ عہدیداران نے شرکت کی۔ کلکٹر پی پروینیا نے اس موقع پر ہدایت دی کہ غیر قانونی چاول کی نقل و حمل میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ چاول ضبط کرتے وقت پولیس اور ریونیو حکام ویڈیو اور فوٹو شواہد ضرور جمع کریں اور انہیں 6-A رپورٹ کے ساتھ منسلک کیا جائے مزید ہدایت دی گئی کہ ضبط شدہ چاول کے نمونے گاڑی کے نمبر اور تاریخ کے ساتھ الگ بیگ میں محفوظ کیے جائیں اور تجزیہ کے عمل کی ویڈیو و تصویری ریکارڈنگ کی جائے۔کلکٹر نے کہا کہ کمرشل ٹیکس افسران ایک دن میں چاول کی نقل و حمل سے متعلق بلوں کی جانچ مکمل کریں اور گاڑیوں کے ذرائع کی تصدیق کریں انہوں نے ہدایت دی کہ ضبط شدہ غیر قانونی چاول کو ہر 15 دن میں اخبارات کے اشتہارات کے ذریعے نیلامی کے لیے اقدامات کیا جائے تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹر (ریونیو) مادھوری، ڈی ایم سول سپلائیز امباداس راجیشور، پولیس و کمرشل ٹیکس افسران اور دیگر عملہ بھی موجود تھا۔