سنگاریڈی عیدگاہ کے انتظامات کا جائزہ، نرملا جگاریڈی کا دورہ

   

عیدگاہ کی توسیع کیلئے 3 کروڑ روپے کا تخمینی منصوبہ، حافظ شیخ شفیع وائس چیرمین بلدیہ کی میڈیا سے بات چیت

سنگا ریڈی۔ 17 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سنگا ریڈی عیدگاہ میں عید الفطر سے قبل نمازِ عید کے لیے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر نرملہ جگا ریڈی چیئر پرسن ٹی جی آئی آئی سی حافظ شیخ شفیع وائس چیئرمین بلدیہ کونا سنتوش اور دیگر بلدیہ اراکین موجود تھے۔دورہ کے دوران عیدگاہ میں بنیادی سہولیات، صفائی، پانی، ٹریفک انتظامات اور دیگر انتظامات کا معائنہ کیا گیا تاکہ عید کے موقع پر نمازیوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے حافظ شیخ شفیع نے بتایا کہ دو ماہ قبل عیدگاہ کمیٹی کے اراکین نے جگا ریڈی ورکنگ پریسیڈنٹ ٹی پی سی سی سے ملاقات کرتے ہوئے عیدگاہ کی توسیع و تعمیر کے لیے تین کروڑ روپے فنڈس جاری کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے منصوبہ پیش کیا تھاجس پر انہوں نے حکومت سے تین کروڑ روپے منظور کرانے کا وعدہ کیا اور اس منصوبے کے تحت عید گاہ کی تعمیر اور مرمت اور باؤنڈری وال دیگر کام جلد انجام دیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عیدگاہ کے احاطہ میں موجود الیکٹرک ایم ڈی ٹاور لائن کو منتقل کیے بغیر تعمیری کام ممکن نہیں، جس کے لیے تقریباً 15 لاکھ روپے خرچ ہوں گے۔انہوں نے یاد دلایا کہ سابق دور حکومت میں ہریش راؤ کی جانب سے ایم ڈی ٹاور لائن کو ہٹانے کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم اس پر عمل نہیں ہو سکا۔ اب نرملہ جگا ریڈی کی ہدایت پر بلدیہ سے 15 لاکھ روپے کے خرچ سے اس ایم ڈی لائن کو منتقل کرنے کی منظوری دینے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں ٹی جی ائی ائی سی چیئرپرسن نرملہ جگا ریڈی نے اس موقع پر کہا کہ سنگا ریڈی میں عیدین کے موقع پر نماز کی ادائیگی کے لیے مکمل انتظامات کیے جا رہے ہیں۔