سنگاریڈی۔ تلنگانہ پروگریسیو ٹیچرس فیڈریشن (TPTF) کی جانب سے ریاست بھر میں اساتذہ کے حل طلب مسائل کی یکسوئی کیلئے حکومت کی توجہ مبذول کروانے کے مقصد سے تین مرحلوں میں احتجاجی پروگرامس منعقد کئے جارہے ہیں۔ پہلے مرحلہ میں منڈل مستقر پر تحصیلدار آفس پر دوسرے مرحلہ میں کلکٹریٹ کے روبرو ضلعی سطح پر اور تیسرے مرحلہ میں ریاستی سطح پر ڈائرکٹر آف اسکول ایجوکیشن کی آفس کے روبرو احتجاجی پروگرامس منعقد کئے جارہے ہیں۔ اس خصوص میں پہلے مرحلہ کے موقع پر سنگاریڈی میںمنعقدہ احتجاجی پروگرام سے مخاطب کرتے ہوئے تلنگانہ پروگریسیو ٹیچرس فیڈریشن کے اسٹیٹ کونسلر محمد ذاکر حسین نے کہا کہ ملک کی ترقی میں اہم تصور کیا جانے والا محکمہ ایجوکیشن ہی ملک اور ریاست میں پوری طرح سے نظرانداز کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ طلباء اور اساتذہ کے تمام حفاظتی امور کو مدنظر رکھتے ہوئے مدارس کی کشادگی کو عمل میں لایا جاناچاہیئے۔کے جی بی وی مدارس میں کام کرنے والے اساتذہ کی 17 ماہ کی تنخواہوں کو فوری ادا کیا جائے۔ اس موقع پر ٹی پی ٹی ایف کے ضلعی جنرل سکریٹری سومو شیکھر، سنگاریڈی منڈل ریسیڈنٹ سرینواس چاری، ضلعی قائدین وجئے بھاسکر، سنجیویا، پرشانتی، جناردھن، آدی راجو، وجیا لکشمی، سدیشور اور دیگر نے احتجاجی پروگرام کو مخاطب کرتے ہوئے اساتذہ کے مطالبات کی فوری یکسوئی پر زور دیا۔ آخر میں تحصیلدار آفس میں ان قائدین نے میمورنڈم پیش کیا۔
