سنگا ریڈی۔ 26؍ اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) اسٹوڈنٹ اسلامک آرگنائزیشن (ایس آئی او)سنگاریڈی کی جانب سے آئی بی گیسٹ ہاؤز سنگاریڈی کے روبرو پہلگام دہشت گردی واقعہ کے خلاف شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے سیاہ پٹیاں باندھ کر پلے کارڈس لیکر کینڈل لائٹ احتجاج منظم کیا۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ 22 اپریل کو کشمیر کے پہلگام میں سیاحوں پر دہشت گردانہ حملہ ہوا جس میں 28 افراد ہلاک ہوئے ہیں ان کے خاندان سے ہم اظہار ہمدردی و تعزیت پیش کرتے ہیں اورکہا کہ ہمارے ملک میں دہشت گرد حملے کرنے والے افراد کے خلاف مرکزی حکومت کی جانب سے سخت سے سخت کاروائی کی جائے ۔جس طرح یہ واقعہ پیش آیا اس کے بعد ہماچل پردیش اور دیگر ریاستوں میں کشمیری مسلمان بھائیوں کو جو اذیت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اس کا فوری سد باب کیا جاے اور اس طرح انہیں پریشان نہ کیا جائے۔