نابینا افراد کی فلاح و بہبود کیلئے خصوصی اقدامات کی ہدایت ، رکن اسمبلی چنتا پربھاکر و کلکٹر کا خطاب
سنگاریڈی 8 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاست کی پہلی ساؤنڈ لائبریری کا افتتاح سنگاریڈی میں چنتا پربھاکر رکن اسمبلی اور پی پراوینیا ضلع کلکٹر نے لوئس برائل کی یومِ پیدائش کے موقع پر کیا۔ چنتا پربھاکر نے مخاطب کرتے ہوے کہا کہ دور قدیم میں جدید ٹیکنالوجی دستیاب نہ ہونے کے باوجود لوئس برائل نے حوصلے کے ساتھ آگے بڑھتے ہوئے برائل رسم الخط ایجاد کیا اور بصارت سے محروم افراد کو تعلیم کی روشنی عطا کی۔ انہوں نے ضلع کلکٹر سے خواہش کی کہ حکومت کی جانب سے نابینا افراد کی فلاح و بہبود کے لیے رائج تمام اسکیمات کے فوائد ان تک پہنچانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔ ضلع کلکٹر پراوِینیا نے کہا کہ لوئس برائل کی یومِ پیدائش کے موقع پر 35 لاکھ روپے کی لاگت سے ساؤنڈ لائبریری قائم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ لائبریری جدید آلات سے لیس ہے، جس کے ذریعے بصارت سے قاصر افراد آڈیو کی شکل میں کتابیں اور معلومات سن سکتے ہیں، جو ان کے لیے نہایت مفید ثابت ہوگی۔ مستقبل میں مزید جدید سہولیات کے ساتھ اس لائبریری کو وسعت دینے کے اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع کے تقریباً 3700 نابینا افراد اس ساؤنڈ لائبریری سے استفادہ کر سکیں گے۔ اس موقع انجیا چیرمین ڈسٹرکٹ لائبریرز، ضلع خواتین، اطفال و معذورین بہبود آفیسر للیتا کماری، وسندھرا سکریٹری ڈسٹرکٹ لائبریرز، دیپک ڈی ای پنچایت راج، معذورین تنظیموں کے نمائندے، ڈی ڈی ڈبلیو او عہدیداران اور دیگر نے شرکت کی۔
