سنگاریڈی میں سی سی روڈ کی تعمیر کیلئے 2 کروڑ مختص

   

راجم پیٹ چوراہا تا عید گاہ روڈ کا تعمیری کام 10 ستمبر تک شروع کرنے جگا ریڈی کی ہدایت
سنگاریڈی ۔21 اگسٹ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) جگا ریڈی ورکنگ پریسیڈنٹ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے فلٹر بیڈ اور راجم پیٹ روڈ کا جائزہ لیا۔ راجم پیٹ چوراہا تا عید گاہ تک سی سی روڈ کی تعمیر کے لیے 2 کروڑ روپئے مختص کرتے ہوئے 10 ستمبر تک کام شروع کردینے کی بلدیہ عہدیداروں کو ہدایت دی۔ انہوں نے آج بلدیہ سنگاریڈی اور صحت عامہ کے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ لیا۔ جگاریڈی نے عہدیداروں کو راجم پیٹ ایکس روڈ تا عیدگاہ ہاسٹل گڈہ تک سی سی روڈ کا تعمیری کام فوری شروع کرنے کی ہدایت دی اور عہدیداروں سے کہا کہ راجم پیٹ فلٹر بیڈ کے اندر مکمل طور پر سی سی فلورنگ بچھائی جائے اور احاطہ فلٹر بیڈ میں روشنی کا انتظام بہتر کرنے مزید کھمبے اور لائٹس نصب کئے جائیں۔ عہدیداروں نے جگاریڈی کو بتایا کہ راجم پیٹ تا عیدگاہ سی سی روڈ کی تعمیر، فلٹر بیڈ میں سی سی فلورنگ اور لائٹنگ کے کاموں پر 2 کروڑ روپئے کی لاگت آئے گی۔اس موقع پر جگاریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ سی سی روڈ کی تعمیر اور فلٹر بیڈ کے اندر سی سی فلورنگ اور لائٹنگ کے کام میونسپل جنرل فنڈ کے ذریعے کئے جائیں اور بعد میں کسی فنڈ یا گرانٹ آنے پر اس کو جنرل فنڈ میں ایڈجسٹ کرنے کی اجازت دینے کے لیے کلکٹر اور جوائنٹ کلکٹر سے اجازت حاصل کریں۔