راجیہ سبھا میں مرکزی وزیر پیوش گوئل کا بیان ، علاقہ کے ترقیاتی کاموں میں تیزی متوقع
حیدرآباد۔9جولائی (سیاست نیوز) حکومت ہند کی جانب سے ریاست تلنگا نہ میںنیشنل انوسٹمنٹ اینڈ مینوفیکچرنگ زون کو منظوری دینے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ مرکزی وزیر برائے کامرس اینڈ انڈسٹری مسٹر پیوش گوئل نے راجیہ سبھا میں اپنے بیان کے دوران یہ بات بتائی ۔ سنگاریڈی میں مرکزی حکومت کی جانب سے NIMZ کو دی گئی منظوری کے سلسلہ میں ایوان کو واقف کروائے جانے کے بعد اب علاقہ سنگاریڈی کی اہمیت میں مزید اضافہ ہوجائے گا۔بتایاجاتا ہے کہ مرکزی حکومت کے اس منصوبہ کے بعد ریاست تلنگانہ کے سابقہ ضلع میدک اور موجودہ ضلع سنگاریڈی میں ترقیاتی کام تیز ہوجائیںگے۔مسٹر پیوش گوئل نے عرصہ دراز سے کئے جانے والے پٹن چیرو تا میدک ریلوے لائن براہ سنگا ریڈی و جوگی پیٹ جو کہ 95کیلو میٹر پر محیط ہے کے مطالبہ کو پوراکرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مرکز نیشنل انوسٹمنٹ اینڈ مینوفیکچرنگ زون کی منظوری کے ساتھ اس طویل عرصہ سے کئے جانے والے مطالبہ کو بھی پورا کرنے کا فیصلہ کرچکا ہے۔ بتایاجاتاہے کہ سنگاریڈی میں جملہ 12ہزار635 ایکڑ اراضی پر محیط یہ پراجکٹ ہوگا جسے مرکزی منظوری حاصل ہوچکی ہے ۔ ضلع انتظامیہ نے تاحال 3500 ایکڑ اراضی قانون حق حصول اراضی کے تحت حاصل کرلیا ہے جس میں زیادہ تر زرعی اراضیات ہیں جو کہ کسانوں سے حاصل کی گئی ہیں علاوہ ازیں مزید 9000 ایکڑ اراضی حاصل کیا جانا باقی ہے ۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق سنگاریڈی میں جو NIMZ کو فروغ دیا جا رہاہے وہ حکومت کی جانب سے زرعی شعبہ کی صنعتوں کے لئے ہوگا اور اس وسیع و عریض اراضی پر زرعی صنعتوں اور اداروں کیلئے خصوصی زون کی تعمیر کے بعد علاقہ کی ترقی اور حمل و نقل کی سہولتوں کے علاوہ دیگر سہولتوں کی فراہمی عمل میں لائی جائے گی۔
