مسلم علاقوں میں بستی دواخانوں کی تعمیر پر زور، اسمبلی میں جگاریڈی نے مختلف مسائل پیش کئے
سنگاریڈی ۔ جگاریڈی رکن اسمبلی نے آج اسمبلی میں حلقہ اسمبلی سنگاریڈی کے حل طلب مسائل کو پیش کیا۔ انھوں نے اسمبلی میں کہا کہ حکومت نے حجاج کرام کی سہولت کی خاطر سنگاریڈی میں دو کروڑ کی لاگت سے منی حج ہاوز منظور کیا گیا اور 2017 میں اس کا سنگ بنیاد بھی رکھا گیا لیکن کسی وجہ سے منی حج ہاوز عمارت کی جگہ تبدیل کرنی پڑی اور وقف بورڈ نے اپنی اراضی واقع روبرو جلال باغ میں اراضی مختص کرتے ہوے احکام جاری کئے تاہم منی حج ہاوز کی تعمیر کا کام ابھی تک شروع نھیں ہوا۔ انھوں نے منی حج ہاوز کی فوری تعمیر شروع کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ منی حج ہاوز کی تعمیر سے مسلمانوں کو سہولت حاصل ہوگی۔ جگاریڈی نے عید گاہ سنگاریڈی کے لیے باونڈری وال بھی منظور کرنے کا مطالبہ کیا۔ جگاریڈی کے مطالبہ پر اجے کمار وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ وہ مسئلہ کو متعلقہ وزیر تک پہنچائیں گے اور خصوص میں ضروری کارروائی کی جائے گی۔ جگاریڈی نے اسمبلی میں مباحثہ میں حصہ لیتے ہوے کہا کہ سنگاریڈی بلدیہ حدود میں 55 سلم علاقہ ہیں جبکہ سداسیو پیٹ بلدیہ میں بھی کافی تعداد میں سلم علاقہ موجود ہے ان علاقوں میں غریب عوام کو بہتر طبی سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے چنانچہ سنگاریڈی اور سداسیو پیٹ کے سلم علاقوں میں بستی دواخانہ منظور کئے جائیں۔ وزیر صحت ہریش راو نے جواب دیتے ہوے کہا کہ سنگاریڈی اورسداسیو پیٹ میں بستی دواخانہ منظور کئے جائیں گے۔