مسلمانوں کو سرکاری نامزد عہدے دینے کا بھی تیقن ،ملی فورم کے وفد کی ہریش راؤ سے ملاقات
سنگاریڈی:۔ ملی فورم سنگاریڈی کا ایک وفد جو جناب ایم اے وحید صدر فورم کے علاوہ جناب محمد مجیب الدین، جناب ایم جی انور، جناب محمد معظم علی افتخار، جناب محمد مختار، جناب محمد ساجد علی، جناب محمد منیر، جناب ایم اے غفار، جناب شیخ محبوب، جناب سید شاہنواز اور جناب خالد علی و دیگر پر مشتمل تھا نے حیدرآباد میں مسٹر ٹی ہریش راو وزیر فینانس سے ان کی قیامگاہ پر ملاقات کی اور سنگاریڈی میں جلد از جلد منی حج ہاوز کی تعمیر، مسلمانان سنگاریڈی کیلئے 5 ایکر سرکاری اراضی برائے قبرستان مختص کرنے اور آخری سفر گاڑی دینے کا مطالبہ کیا۔ وفد نے سرکاری اردو میڈیم جونیر و ڈگری کالجس میں مخلوعہ اردو لکچررس کی جائیدادوں پر فوری بھرتی اور دیندار خان فنکشن ہال کی تزئن نو کرنے فنڈس کی اجرائی کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر ضلع سنگاریڈی کے سینئر ٹی آر ایس قائد جناب ایم اے حکیم کو نامزد عہدے پر فائز کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ مسٹر ٹی ہریش راو وزیر فینانس نے وفد کی نمائندگی پر کہا کہ سنگاریڈی میں منی حج ہاوز کی تعمیر عنقریب شروع ہوگی۔ وقف بورڈ نے اراضی مختص کرتے ہوئے احکام جاری کردیئے ہیں۔ سنگاریڈی مسلم قبرستان کیلئے سرکاری اراضی الاٹ کرنے کی کاروائی جاری ہے۔ مناسب اراضی کی جلد نشاندہی کرتے ہوئے اراضی مختص کی جائیگی اور اس کے ساتھ ہی آخری سفر گاڑی بھی فراہم کی جائیگی۔ دیندار خان فنکشن ہال کی تزئن نو کیلئے فنڈس کی اجرائی کا تیقن دیا۔ وزیر فینانس ہریش راؤ نے مسلمانوں کو سرکاری نامزد عہدے دینے کا بھی تیقن دیا۔ وفد نے وزیر فینانس ہریش راؤ سے اظہار تشکر کیا۔
٭٭٭٭٭