سنگاریڈی میں پانی کے مسائل ‘ ہریش راو ذمہ دار : جگا ریڈی

   

حیدرآباد 16 مئی ( این ایس ایس ) کانگریس رکن اسمبلی ٹی جگا ریڈی نے آج الزام عائد کیا کہ ان کے حلقہ اسمبلی میں پانی کے مسائل 2017 میں شروع ہوئے اور اس کیلئے ریاستی وزیر ٹی ہریش راو ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے حلقہ کے عوام گذشتہ تین سال سے پانی کیلئے بے چین ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ہریش راو نے مانجیرا ۔ سنگور ای ایس ایل کا پانی دوسری جگہ منتقل کرکے سنگاریڈی کے عوام کو پانی سے محروم کردیا ہے ۔ انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ ضلع کے عہدیدار بھی عوام کو نظر انداز کرکے ہریش راو کے اشارے پر کام کر رہے ہیں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ہریش راو نے کہا کہ نارائن کھیڑ ‘ پٹن چیرو اور ظہیر آباد ارکان اسمبلی ٹی آر ایس سے ہونے کی وجہ سے ضلع کے عوام کو شدید مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔