مجموعی طور پر رائے دہی پر امن، عوام نے جوش و خروش کے ساتھ ووٹ دیا
سنگاریڈی۔ 11 فبروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سنگاریڈی میں بلدیہ انتخابات کے لیے آج صبح 7 سے شام 5 بجے تک راے دہی ہوئی جو مجموعی طور پر پرامن رہی۔ سنگاریڈی میں جملہ 38 بلدیہ وارڈس ہیں جن کے لیے 121 پولنگ بوتھس تشکیل دئے گئے۔ سنگاریڈی میں جملہ 83668 ووٹرس ہیں۔ سنگاریڈی میں صبح 7 بجے تا 9 بجے تک صرف 6.94 فیصد راے دہی ہوئی تاہم اس کے بعد راے دہی میں تیزی آئی۔ 11 بجے تک 26.5، دوپہر 1 بجے تک 44.47 اور سہ پہر تین بجے تک 57.6 فیصد راے دہی ہوئی اور شام 5 بجے تک 70 فیصد کے آس پاس راے دہی ریکارڈ ہونے کی توقع ہے۔ شام 6.30 بجے تک بھی ضلع انتظامیہ کی جانب سے پولنگ کا قطعی فیصد جاری نہیں کیا گیا۔ بلدیہ وارڈ نمبر 34، 25، 20، 5 اور دیگر وارڈس میں مجلس، کانگریس اور بی آر ایس امیدواروں کے درمیان بحث و تکرار، تلخ کلامی کے واقعات پیش آئے۔ امیدواروں نے بوگس ووٹنگ کرنے کے ایک دوسرے پر الزامات عائد کئے۔ وارڈ نمبر 34 میں کانگریس امیدوار رضوانہ بیگم کے پولنگ ایجنٹ نے کہا کہ انھوں نے اپنے پولنگ بوتھ میں بوگس ووٹنگ کی شکایت پولیس سے کی جس پر پولیس انسپکٹر نے ان سے بدسلوکی کی۔ اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی جگاریڈی ورکنگ پریسیڈنٹ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی فوری پولنگ بوتھ پہنچ گئے اور پولیس پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ انھوں نے اڈو سے بدسلوکی کرنے والے پولیس سرکل انسپکٹر اور ہوم گارڈ کو فوری معطل کرنے کا مطالبہ کیا اور ڈی ایس پی سے کہا کہ سی آئی کو معطل کرنے تک احتجاج ختم نہیں کیا جائے گا اور اعلیٰ عہدیداروں کی جانب سے عدم کارروائی کی صورت میں سنگاریڈی بھر میں کانگریس پولنگ کا بائیکاٹ کریگی اور وہ کارکنوں کو اس خصوص میں ہدایت جاری کریں گے۔ جگاریڈی نے کہا کہ پولیس پر امن و امان کو برقرار رکھنے کی ذمہ داری عائد ہے لیکن وارڈ نمبر 34 میں سرکل انسپکٹر کی بدسلوکی کی وجہ سے امن و امان کا مسئلہ پیدا ہوا ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہ گزشتہ 26 سال سے پولنگ بوتھ کا دورہ نہیں کیا چونکہ ہار جیت الیکشن کا حصہ ہے لیکن سرکل انسپکٹر کی حرکت نے انہیں یہاں آنے پر مجبور کردیا۔ پولیس کے اس رویہ کو وہ قطعی برداشت نہیں کریں گے۔ حالات کشیدہ ہونے پر ایڈیشنل ایس پی رگھونندن نے جگاریڈی سے بات کی اور ان سے کہا کہ یہ واقعہ الیکشن کا ہے چنانچہ اس پر کارروائی کا مجاز الیکشن کمیشن ہے۔امیدوار اس واقعہ کی تحریری شکایت کرنے پر اس کی تحقیقات کرتے ہوے الیکشن کمیشن کو رپورٹ روانہ کی جائے گی اور الیکشن کمیشن ہی فیصلہ کرے گی۔ جگاریڈی نے پولیس کو اپنا طرز عمل تبدیل کرنے اور ایسے واقعات کا اعادہ نہیں ہونے کیلئے اقدامات کرنے کا مشورہ دیا۔ بعد میں انھوں نے نعل صاحب گڈہ کے وارڈس کا بھی دورہ کیا۔ چنتا پربھاکر رکن اسمبلی سنگاریڈی نے مختلف بلدی وارڈس کا دورہ کرتے ہوئے پولنگ کا جائزہ لیا۔