سنگاریڈی میں ہفتہ کو جگاریڈی کی دعوت افطار، بڑے پیمانے پر انتظامات

   

سنگاریڈی 27 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) جناب حافظ شیخ شفیع سابق کونسلر و سینئر قائد کانگریس پارٹی نے کہا کہ جگا ریڈی صاحب ورکنگ پرسیڈنٹ کانگریس پارٹی کی جانب سے ہر سال کی طرح امسال بھی 29 مارچ بروز ہفتہ بمقام میلاد گراونڈ جلال باغ روڈ سنگاریڈی میں عظیم الشان پیمانے پر دعوت افطار و طعام عام کا اہتمام کیا گیا ہے۔ جگا ریڈی ہر سال مسلم روزہ داروں کے احترام میں دعوت افطار و طعام کا اہتمام کرتے ہیں جس میں دس ہزار سے زائد افراد شرکت کرتے ہیں۔ دعوت افطار و طعام عام کے لیے بڑے پیمانے پر انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ کانگریس قائدین و کارکنان کی ٹیم انتظامت میں مصروف ہے۔ میلاد گراونڈ میں بہت ہی خوبصورت ڈیکوریشن کرتے ہوئے اس کو برقی قمقموں سے روشن کیا جائے گا ۔ انھوں نے کہا کہ جگا ریڈی یہاں کی ہر دل عزیز شخصیت ہے اور وہ ہر ایک کے دکھ درد میں شامل رہتے ہیں اور ان کی مدد بھی کرتے ہیں۔ سنگاریڈی کی جو بھی ترقی ہوئی ہے وہ جگاریڈی کی دلچسپی اور محنت کی وجہ سے ہوئی ہے۔ جگاریڈی صاحب ہر مذہب کا احترام کرتے ہیں اور تمام مذاہب کے تہوار کا بڑے پیمانے پر اہتمام کرتے ہیں۔ دعوت افطار، دسہرہ اور کرسمس کا ان کی جانب سے اہتمام گنگا جمنی تہذیب اور قومی یکجہتی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ جناب حافظ شیخ شفیع نے سنگاریڈی کے مسلمانوں سے دعوت افطار و طعام میں اپنے دوست احباب کے ساتھ شرکت کرنے کی خواہش کی ہے۔