ضلع سطح کے کامیاب امیدواروں کو ریاستی سطح کے مقابلے میں موقع دیا جائیگا: کلکٹر
سنگاریڈی ۔20 اکتوبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) پرتیک جین ضلع کلکٹر سنگاریڈی کی ہدایات کے مطابق محکمہ یوتھ اینڈ اسپورٹس کی جانب سے وکست بھارت ینگ لیڈرس ڈائیلاگ (VBYLD-2027) کے تحت سنگا ریڈی ضلع سطح کے ثقافتی مقابلے 29 اکتوبر کو صبح 9:30 بجے سے شام 5 بجے تک منعقد کیے جائیں گے۔ ضلع یوتھ اینڈ اسپورٹس آفیسر ٹی اکھلیش ریڈی نے بتایا کہ 30ویں قومی یوتھ فیسٹیول کے ابتدائی انتخابی مرحلے کے طور پر ان مقابلوں کا انعقاد عمل میں لایا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلعی سطح پر کامیابی حاصل کرنے والے اُمیدوار نومبر اور دسمبر میں حیدرآباد میں منعقد ہونے والے ریاستی سطح کے مقابلوں میں حصہ لیں گے۔ ریاستی سطح پر منتخب ہونے والے امیدواروں کو 10 تا 12 جنوری 2027 نئی دہلی میں منعقد ہونے والے قومی سطح کے پروگرام میں شرکت کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ان مقابلوں میں لوک رقص، لوک گیت، مصوری، نکڑ ناٹک اور شاعری نویسی کے پانچ زمروں کو شامل کیا گیا ہے۔ لوک رقص ، لوک گیت اورنکڑ ناٹک کے مقابلوں میں زیادہ سے زیادہ 10 افراد حصہ لے سکتے ہیں، جن میں 7 فنکار اور 3 معاون عملہ کے ارکان شامل ہوں گے جبکہ شاعر نویسی کے مقابلے سرکاری ریاستی زبان، ہندی یا انگریزی میں منعقد کیے جائیں گے۔ شاعر نویسی کے لیے ضروری سامان بھی اُمیدواروں کو خود لانا ہوگا۔ ضلع یوتھ اینڈ اسپورٹس آفیسر کے مطابق مقابلوں میں حصہ لینے کے لیے امیدواروں کی عمر 15 سے 29 سال کے درمیان ہونی چاہیے۔ سنگاریڈی ضلع میں رہنے والے یا یہاں تعلیم حاصل کرنے والے نوجوان لڑکے اور لڑکیاں شرکت کے اہل ہیں۔ امیدواروں کے لیے مائی بھارت پورٹل mybharat.gov.in پر رجسٹریشن لازمی قرار دیا گیا ہے۔ گزشتہ 3 برسوں کے دوران قومی یوتھ فیسٹیول میں حصہ لینے والے امیدوار ان مقابلوں میں شرکت کے اہل نہیں ہوں گے۔ ہر امیدوار صرف ایک زمرے میں حصہ لے سکتا ہے۔مقابلوں میں پیش کیے جانے والے ڈراموں، گیتوں اور مصوری میں کسی بھی مذہب کے جذبات کو مجروح کرنے والے یا قابل اعتراض مواد کی اجازت نہیں ہوگی۔اہل اور دلچسپی رکھنے والے امیدواروں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مائی بھارت پورٹل پر رجسٹریشن کے بعد 27 اکتوبر تک اپنی درخواستیں دفتر ضلع یوتھ اینڈ اسپورٹس آفیسر، دوسری منزل، کلکٹریٹ کمپلیکس، سنگاریڈی میں دفتری اوقات کے دوران جمع کروائیں۔درخواست کے ساتھ رہائشی ثبوت کے طور پر آدھار کارڈ کی زیراکس نقل، عمر کے ثبوت کے لیے ایس ایس سی میمو یا عمر کی تصدیق کا سرٹیفکیٹ اور 3 پاسپورٹ سائز تصاویر منسلک کرنا ضروری ہے۔مزید تفصیلات کے لیے امیدوار فون نمبر 7386191141، 7981798957 اور 8431639907 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔ٹی اکھلیش ریڈی، ضلع یوتھ اینڈ اسپورٹس آفیسر (ایف اے سی)، سنگاریڈی ضلع نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ بڑی تعداد میں ان مقابلوں میں حصہ لیں، اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں اور ضلعی سطح پر کامیابی حاصل کرکے ریاستی اور قومی سطح پر ضلع کا نام روشن کریں۔