سنگاریڈی میں 3 نومبر کو عرس عرفانی ؒو کل ہند مشاعرہ

   

نامور شعراء اکرام شکیل اعظمی ممبئی، ابرار کاشف امراوتی اور دیگر مدعو، انتظامات جاری، پوسٹرس کی رسم اجرائی

سنگاریڈی۔ 22 اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حضرت حکیم عمر بن احمد حبیب فیض علی شاہ عرفانی بندہ نوازی چشتی سجادہ نشین بارگاہ عرفانی ؒنے جناب شیخ شکیل احمد عرفانی صدر عرفانی عرس کمیٹی اور اہل سلسلہ کے ہمراہ حضرت الحاج حبیب احمد بن عمر حبیب عرفان علی شاہ ؒ کے 21 ویں عرس شریف کے پوسٹر کی رسم اجراء انجام دی اس موقع پر حضرت حکیم عمر بن احمد حبیب فیض علی شاہ عرفانی بندہ نوازی چشتی سجادہ نشین بارگاہ عرفانی ؒ نے کہا کہ حضرت حبیب احمد بن عمر حبیب عرفان علی شاہ بندہ نوازی رح کا 21 ویں عرس شریف کی دو روزہ تقاریب 18 اور 19 ربیع الثانی کو حسب سابق روایت تزک و احتشام کے ساتھ درگاہ شریف حضرت ممدوحؒ واقع چاوش باغ موضع کولبگور نزد سنگاریڈی میں منعقد ہوگی۔ 18 ربیع الثانی مطابق 3 نومبر بروز جمعہ بعد نماز عصر جامع مسجد سے جلوس صندل برآمد ہوگا اور شب 8 بجے صندل مالی پیش کیا جائگا۔ 3 نومبر بروز جمعہ رات 9 بجے سے آحاطہ بارگاہ عرفانی میں 14 واں عرفانی کل ہند مشاعرہ منعقد ہوگا جس میں ملک کے نامور شعراء اکرام شکیل آعظمی ( ممبئی)، ابرار کاشف ( امراوتی)، شعور آشناء ( برہان پور)، عارف سیفی، صابر بسمت نگری، شیخ احمد ضیاء ( بودھن)، شکیل ظہیرآبادی سعد اللہ خان سبیل’ ڈاکٹر رضی شطاری نظام آبادی اور فیض علی سکندر شرکت کرتے ہوے اپنا کلام پیش کرینگے۔ اس موقع پر مختلف شعبہ حیات میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوے انھیں عرفانی ایوارڈ پیش کیا جائے گا۔ مشاعرہ کی نظامت ابرار کاشف کرینگے جبکہ مشاعرہ کے کنووینئر رزاق قریشی سابق کارپوریٹر نانڈیڑ اور معاون کنووینئر شبیر احمد الہاشمی ( سنگاریڈی) ہیں۔ 19 ربیع الثانی مطابق 4 نومبر بروز ہفتہ بعد نماز مغرب طعام عام اور بعد نماز عشاء محفل سماع منعقد ہوگی۔ دو روزہ عرس شریف تقاریب میں علماء و مشایخین کے علاوہ تلنگانہ’ اندھرا’ مہاراشٹرا اور کرناٹک کے مختلف مقامات سے زائرین شرکت کرتے ہے۔ عرس کمیٹی کے عہدیدار و اراکین اہل سلسلہ مریدین و معتقدین کی جانب سے عرس شریف کے انتظامات تیزی کے ساتھ جاری ہیں۔ انھوں نے عوام الناس سے عرس شریف تقاریب میں شرکت کی خواہش کی ہے۔