سنگاریڈی : ووٹر لسٹ میں ناموں کے اندراج کی کامیاب مہم

   

ملی فورم کی جانب سے مختلف محلہ جات میں خصوصی کیمپ، ایم اے وحید صدر فورم کا بیان

سنگاریڈی 22 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ووٹ ہر ہندوستانی شہری کا دستوری حق ہے اور جمہوریت میں ووٹ سب سے طاقتور اور موثر ہتھیار ہے جس سے عوام کسی کو بھی اقتدار سے بیدخل اور فائز کرسکتے ہیں۔ عوام اپنے ووٹ سے اپنی سمجھ بوجھ، دور اندیشی اور طاقت کا اسی وقت مظاہرہ کرسکتے ہیں جبکہ ان کا نام ووٹر لسٹ میں موجود ہوں۔ عنقریب تلنگانہ اسمبلی انتخابات منعقد ہونے والے ہے چنانچہ مرکزی و ریاستی الیکشن کمیشن نے ریاست بھر میں ووٹر لسٹ پر نظر ثانی کی مہم منظم کی ہے۔ اکثر دیکھا جاتا ہیکہ عین راے دہی کے دن ووٹر لسٹ میں نام نہ ہونے کی شکایت کی جاتی ہے جو بے فیض ہوتی ہے۔ رائے دہی کے دن شکایت کرنے کی بجائے ووٹر لسٹ پر نظر ثانی مہم کے دوران ووٹر لسٹ میں اپنا نام ہونے کی تصدیق کر لی جاے تو بہتر ہوتا۔ ملی فورم سنگاریڈی نے ووٹر لسٹ نظر ثانی مہم میں بہت ہی سرگرم اور قابل تحسین کام انجام دیا اور شہر سنگاریڈی میں تقریبا دو ہزار افراد کے نام ووٹر لسٹ میں شامل کروائے۔ جناب ایم اے وحید صدر ملی فورم سنگاریڈی نے اپنے بیان میں کہا کہ ملی فورم نے جناب محمد مختار حسین جنرل سکریٹری فورم، جناب ذوالفقار علی منیر مشیر، جناب عبدالغفار، جناب محمد افضل، جناب محمد ریاض الدین، جناب محمد جاوید علی قادری،مولانا محمد طاہر حسین شاہ نوری’ مولانا مفتی اسلم سلطان قاسمی، مساجد کمیٹیوں اور دیگر احباب کے تعاون سے ووٹر لسٹ مہم میں سرگرم حصہ لیا اور شہر سنگاریڈی کی مختلف مساجد اور محلہ جات میں خصوصی کیمپ منعقد کئے جس میں متعلقہ وارڈ کی ووٹر لسٹ عوام کے مشاہدہ کے لیے رکھی گئی اور نئے ووٹرس کے علاوہ جن کے نام حذف ہوچکے انھیں دوبارہ شامل کروانے کا کام انجام دیا گیا۔ ملی فورم کے کیمپس میں بوتھ لیول آفیسرس( بی ایل او) بھی موجود تھے جنھوں نے عوام کی رہنمائی اور مدد کی۔ ملی فورم کی دس روزہ کامیاب مہم میں مساجد کمیٹیوں، علماء اکرام’ سماجی اور ملی قائدین نے بھر پور تعاون کیا۔ہے۔ انھوں نے تعاون کرنے والے عہدیدار اور دیگر تمام سے اظہار تشکر کیا۔