سنگاریڈی: کانگریس کو کل جماعتی کمیٹی کی تائید

   

فرقہ پرست جماعت کی شکست کیلئے صد فیصد ووٹ ڈالنے مسلمانوں سے اپیل

سنگاریڈی ۔11 مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ایم جی انور کی اطلاع کے بموجب کل جماعتی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں مولانا محمد طاہر علی شاہ نوری، مفتی محمد اسلم سلطان قاسمی ، مولانا محمد کریم الدین غوثوی، مولانا سید ذاکر حسین، مولوی محمد محمود علی اسیر، مولانا حافظ خواجہ شاہ محمد قطب الرحمٰن افتخاری چشتی، اطہر محی الدین شاہد، ایم اے وحید، مختار حسین اور محمد مجاہد علی و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک و ریاست کی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور پارلیمنٹ انتخابات میں حلقہ پارلیمنٹ میدک سے کانگریس کی تائید کا فیصلہ کیا گیا۔ کل جماعتی کمیٹی کے فیصلہ میں کوئی سیاسی جانبداری نہیں ہے بلکہ وقت اور حالات کے تقاضوں کو ملحوظ رکھتے ہوئے فیصلہ کیا گیا ہے۔ کل جماعتی کمیٹی کا فیصلہ صرف ملت کے مفاد میں کیا گیا اس میں سیاست کا کوئی دخل نہیں ہے۔ کل جماعتی کمیٹی ملک سے فرقہ پرست، تعصب پرست حکومت کے خاتمہ کے لیے مسلمانوں سے متحدہ طور پر کانگریس کو ووٹ دینے کی خواہش کرتی ہے۔ مسلمان صد فیصد ووٹ کریں اور فرقہ پرست جماعت کی شکست کو یقینی بنائیں۔