ضلع انتظامیہ کو عوامی خدمات میں سہولت ہوگی ، ریاستی وزیر ڈی نرسمہا کا خطاب
سنگاریڈی ۔16 اکٹوبر ۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاستی وزیر صحت دامودر راج نرسمہا نے آج وی کرانتی ضلع کلکٹر کے ہمراہ سنگاریڈی کے اولڈ کلکٹر آفس کے احاطہ میں 2.5 کروڑ روپئے لاگتی کلکٹر کیمپ افس بلڈنگ کی تعمیر نو کا سنگ بنیاد رکھا اس موقع پر ریاستی وزیر صحت دامودر راج نرسمہا نے خطاب کرتے ہوے کہا کہ کلکٹرکیمپ آفس سنگاریڈی کی تعمیر نو ضلع انتظامیہ کو اپنے امور کی موثر انجام دہی میں ممد و معاون ثابت ہوگا ۔ نیا کلکٹر کیمپ آفس ضلعی عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی میں کلیدی اہمیت کا حامل ہوگا ۔ ضلع کلکٹر سنگاریڈی وی کرانتی نے کہاکہ کلکٹر کیمپ آفس کی تعمیر سے ضلعی عہدیداروں کو مناسب سہولیات فراہم کرکے انتظامی امور کی انجام دہی میں آسانی ہوگی۔ عہدیداروں نے بتایاکہ سنگاریڈی کلکٹر کیمپ آفس جدید سہولتوں سے آراستہ اور ماحول دوست طریقوں پر عمل کرتے ہوے تعمیر کیا جائیگا ۔ قبل ازیں دامودر راج نرسمہا وزیر صحت نے سنگاریڈی میں گلینڈ فارما کے تعاون و اشتراک سے سوسائٹی فار سنگاریڈی سکیوریٹی کونسل کی طرف سے ٹریفک پولیس کو دی گئی ٹاسک فورس موٹر بائیکس کا بھی افتتاح کیا ۔ اس موقع پر چیرمین TGIIC نرملا جگاریڈی، ایم پی ظہیرآباد سریش شٹکر، ٹرینی کلکٹر منوج، شیو کمار کے علاوہ متعلقہ عہدیدار موجوجود تھے۔