عوامی استقبالیہ کا اعلان،سرکاری دواخانہ کا چیف منسٹر معائنہ کریں
حیدرآباد۔/15 ستمبر، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن اسمبلی جگاریڈی نے کہا کہ اسمبلی میں کے سی آر کے بیان سے وہ مطمئن ہیں اور وہ امید کرتے ہیں کہ سنگاریڈی کو پانی کی سربراہی سے متعلق وعدہ کی تکمیل کی جائے گی۔ میڈیا کے نمائندوں سے غیررسمی بات چیت کرتے ہوئے جگا ریڈی نے کہا کہ عوامی مطالبہ کی تکمیل کی صورت میں انہوں نے چیف منسٹر کے عوامی سنمان کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان انہوں نے آج اسمبلی میں کیا۔ جگا ریڈی نے کہا کہ سنگاریڈی کے عوام پانی کی سربراہی کے منتظر ہیں اور جس دن بھی چیف منسٹر کا وعدہ پورا ہوگا وہ ان کیلئے مزید اطمینان کا دن ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پارٹی بھلے ہی کوئی ہو لیکن اچھے اقدامات پر چیف منسٹر کی ستائش کی جانی چاہیئے۔ کے سی آر جو بھی اچھا کام کریں کانگریس پارٹی ضرور تعاون کرے گی۔انہیں یقین ہے کہ کے سی آر سنگاریڈی سے ضرور انصاف کریں گے۔ جگا ریڈی نے کہا کہ متحدہ آندھرا پردیش میں کانگریس حکومت نے تلنگانہ میں کئی پراجکٹس تعمیر کئے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کے سی آر تلنگانہ کو پینے کا پانی اور آبپاشی کی ضروریات کی تکمیل کے ذریعہ کامیاب چیف منسٹر ثابت ہوں گے۔