کاماریڈی: 19 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سنگاریڈی ضلع کے ایک دیہات میں پیش آئے وحشیانہ قتل کے واقعے نے پوری انسانیت کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ پڑوسیوں کی درندگی اس حد تک پہنچ گئی کہ باپ کو بچانے کے لئے آگے آنے والی معصوم عالیہ بیگم کو بے رحمی سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں وہ ہمیشہ کے لئے موت کی آغوش میں چلی گئی۔ اس انسانیت سوز واقعے پر عوام میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے، جبکہ جمعیۃ علماء ضلع کاماریڈی نے اس ظلم و بربریت کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومتِ تلنگانہ اور ضلعی انتظامیہ سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے، جمعیۃ علماء ضلع کاماریڈی کے صدر حافظ محمد فہیم الدین منیری نے اس واقعے پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ یہ محض ایک قتل نہیں بلکہ پوری انسانیت کا قتل ہے، ملک کی پرامن فضا، بھائی چارے اور محبت کے ماحول کو جیسے کسی کی نظر لگ گئی ہے، روز بروز بڑھتے ہوئے قتل، ظلم، بے رحمی اور عدم تحفظ کے واقعات معاشرے کے لئے ایک سنگین خطرہ ہیں، جنہیں روکنے کے لئے حکومت اور انتظامیہ کو سخت سے سخت اقدامات کرنے ہوں گے، انہوں نے کہا کہ کیس کو فاسٹ ٹریک عدالت میں لے جایا جائے تاکہ متاثرہ خاندان کو جلد انصاف ملے، انہوں نے مزید کہا کہ ریاست میں بڑھتے ہوئے جرائم کو روکنے کے لئے پولیس محکمہ کو مزید مستعد اور فعال بنانے کی ضرورت ہے، سنگاریڈی واقعے میں پولیس اگر بروقت کارروائی کرتی تو شاید معصوم عالیہ بیگم کی جان بچ سکتی تھی، اس لئے ہم حکومتِ تلنگانہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ایسے سفاکانہ واقعات کی روک تھام کے لئے پولیس کو فوری حرکت میں آنے کے سخت احکامات جاری کرے، مجرموں کو جلد از جلد گرفتار کر کے واقعی سزا دی جائے، اور عوام میں تحفظ کا احساس بحال کیا جائے، حافظ محمد فہیم الدین منیری نے تمام سماجی و مذہبی تنظیموں، عوامی نمائندوں اور امن پسند شہریوں سے اپیل کی کہ وہ انصاف کے لئے آواز بلند کریں اور حکومت پر دباؤ ڈالیں تاکہ ایسے ظالمانہ واقعات کے خلاف سخت قانون سازی ہو اور مجرموں کو عبرتناک سزائیں دی جا سکیں۔