سنگاریڈی کے آئی آئی ٹی کانڈی میں مائیگرنٹ ورکرس کا تشدد، پولیس پر حملہ

,

   

ایل اینڈ ٹی اور شاپور جی پلون جی کمپنیوںکے دو ماہ کی تنخواہ سے محروم 1600 محنت کشوں کی سنگباری میںپولیس ویان تباہ،سب انسپکٹر زخمی

حیدرآباد۔/29اپریل، ( این ایس ایس؍سیاست نیوز ) ضلع سنگاریڈی کے آئی آئی ٹی کانڈی کے احاطہ میں آج اس وقت زبردست کشیدگی پھیل گئی جب 1,600مائیگرنٹ ورکروں نے جو اپنے گھروں کو واپس ہونا چاہتے تھے تعمیراتی کمپنیوں کے خلاف زبردست احتجاج کردیا جنہیں روکنے کیلئے پہنچنے والی پولیس پر بھی حملہ کیا گیا اور پولیس ویان کو حملہ میں تباہ کردیا گیا۔ ایل اینڈ ٹی اور شاپور جی اینڈ پلون جی کمپنیوں نے مبینہ طور پر ان مزدوروں و محنت کشوں کو 2 ماہ سے تنخواہ نہیں دی تھی جس کے نتیجہ میں وہ کام پر واپسی کیلئے مجبور تھے۔ یہ برہمی مزدور و محنت کش مارچ اور اپریل کے مہینوں کی تنخواہیں دینے کا مطالبہ کررہے تھے اور ان کی مانگ پوری نہ ہونے کے باوجود کام پر واپسی کیلئے مجبور کئے جانے کے بعد حملہ پر اُتر آئے۔ برہم مزدوروں نے ابتداء میں آئی آئی ٹی کانڈی کے احاطہ میں سنگباری کی جن سے نمٹنے کیلئے پولیس کو طلب کیا گیا۔

پولیس جیسے ہی وہاں پہنچی مزدوروں میں شامل چند افراد نے پولیس کو بھی لاٹھیوں سے حملے کا نشانہ بنایا اور پولیس ویان کو پتھراؤ اور لاٹھیوں سے حملہ کرتے ہوئے بری طرح نقصان پہنچایا۔کشیدگی میں شدت کی اطلاع ملتے ہی ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ چندر شیکھر ریڈی حرکت میں آگئے اور انہوں نے وہاں پہنچ کر برہم مزدوروں کو یہ سمجھانے کی کوشش کی کہ ان کی تنخواہوں کی ادائیگی کا مسئلہ حل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے چند مزدوروں کو کلکٹر ایم ہنمنت راؤ سے رجوع کیا جنہوں نے تیقن دیا کہ ان تمام مزدوروں کو بروقت تنخواہ کے علاوہ ضروری مدد فراہم کی جائے گی۔ کلکٹر نے کہا کہ مائیگرنٹ ورکرس اپنی متعلقہ ریاستوں کو واپس جانا چاہتے ہیں لیکن کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے نافذ ملک گیر لاک ڈاؤن کے سبب یہ ممکن نہیں ہوسکا ہے۔ کلکٹر نے کہا کہ لاک ڈاؤن چونکہ جاری ہے چنانچہ فی الحال یہ ممکن نہیں ہوگا۔ اس دوران ایل اینڈ ٹی اور شاپور جی ، پلون جی کمپنیوں سے کہا جائے گا کہ مائیگرنٹ ورکرس کو کام پر رکھا جائے۔ باور کیا جاتا ہے کہ کلکٹر ان مزدوروں کی تنخواہوں کی اجرائی کیلئے متعلقہ کمپنیوں سے بات چیت میں مصروف ہیں۔ مائیگرنٹ ورکرس نے کل سے کام شروع کرنے سے اتفاق کرلیا ہے۔سیاست نیوز کے بموجب اس دوران ایک سب انسپکٹر اور دو ملازمین پولیس زخمی ہوگئے۔