سنگاریڈی کے جنارم منڈل میں مدرسہ پر حملہ کے ذمہ داروں کیخلاف سخت کارروائی کا تیقن

   

کانگریس قائدین کی ڈی جی پی سے ملاقات، مدرسہ پر حملہ اور درگاہ کی بے حرمتی کی شکایت
حیدرآباد : 23 اپریل (سیاست نیوز) ڈائرکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر جتیندر نے کانگریس کے اقلیتی قائدین کو تیقن دیا کہ سنگاریڈی کے جنارم منڈل میں دینی مدرسے اور درگاہ پر حملے کے ذمہ دار اشرار کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور علاقہ میں امن و ضبط کی برقراری کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس نے بتایا کہ مقامی پولیس کی بروقت کارروائی کے نتیجہ میں صورتحال پر قابو پالیا گیا ہے۔ صدر تلنگانہ اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی محمد فہیم قریشی کی قیادت میں اقلیتی قائدین نے ڈائرکٹر جنرل پولیس سے ملاقات کی۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مولانا غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ، جنرل سکریٹری جمعیۃ العلماء حافظ خلیق احمد صابر، محمد حسین ایڈوکیٹ ، مولانا ڈاکٹر احسن بن محمد الحمومی ، عثمان محمد خاں اور دوسرے وفد میں شامل تھے۔ ڈی جی پی کو پیش کردہ یادداشت میں بتایا گیا کہ فرقہ پرست عناصر نے 22 اپریل کی شام جنارم منڈل میں مدرسہ تعلیم القرآن اور درگاہ حضرت غریب شاہ ولیؒ پر حملہ کردیا۔ مدرسہ سے قریب واقع مندر میں مورتی کو نقصان پہنچانے کی افواہ کے بعد مدرسہ اور درگاہ نشانہ بنایا گیا۔ پولیس مندر میں پیش آئے واقعہ کی تحقیقات کررہی ہے۔ مدرسہ تعلیم القرآن میں تقریباً 80 طلباء تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ اشرار نے مدرسہ کو نقصان پہنچایا اور طلباء پر حملہ کیا گیا۔ اشرار کی جانب سے اشتعال انگیز نعرے بازی کی گئی اور درگاہ کے قریب آگ لگانے کی کوشش کی گئی۔ کانگریس قائدین نے بتایا کہ درگاہ شریف کی بے حرمتی کی گئی۔ کانگریس قائدین نے بھارتیہ نیایہ سنہیتا قانون کے تحت اشرار کے خلاف مقدمات درج کرنے کی اپیل کی۔ فرقہ وارانہ کشیدگی اور مذہبی مقامات کو نقصان پہنچانے کے سلسلہ میں مقدمات درج کئے گئے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج اور موبائل ریکارڈنگ کے علاوہ عینی شاہدین کے بیانات کی بنیاد پر کارروائی کی جائے۔ مدرسہ اور درگاہ کے علاوہ طلباء کے تحفظ کے لیے حفاظتی اقدامات کئے جائیں۔ تلنگانہ میں فرقہ پرست طاقتیں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور امن کے ماحول کو بگاڑنے کی سازش کررہے ہیں۔ تلنگانہ حکومت فرقہ پرست طاقتوں کی سازشوں کو کامیاب ہونے نہیں دے گی۔ 1