سنگاریڈی 6 فبروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ہندوستانی نژاد آسٹریلیائی شہری معروف سماجی کارکن جناب علی ریاض کو کوئنزلینڈ آسٹریلیا کے گورنر نے جسٹس آف دی پیس (کوالیفائیڈ) مقرر کر دیا ہے۔ جناب علی ریاض کی اس تقرری کو عوامی خدمت اور سماجی اعتماد کے اعتراف کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ نو منتخب جسٹس آف دی پیس جناب علی ریاض نے اس موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ یہ تقرر ان کے لیے باعثِ فخر ہونے کے ساتھ ایک بڑی ذمہ داری بھی ہے، جسے وہ عاجزی اور دیانت داری کے ساتھ نبھائیں گے۔انھوں نے کہا کہ وہ برسوں سے کمیونٹی کی فلاح و بہبود، انصاف اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے سرگرمِ عمل ہیں اور آئندہ بھی اسی جذبہ کے ساتھ خدمات انجام دیتے رہیں گے۔ انھوں نے واضح کیا کہ وہ اپنے عہد کے تقاضوں کے مطابق قانون کے دائرہ میں رہتے ہوئے ہر شخص کے ساتھ بلا خوف و خطر اور بلا امتیاز انصاف کو اپنی اولین ترجیح بنائیں گے۔ جسٹس آف دی پیس کی ذمہ داریوں میں قانونی دستاویزات کی تصدیق اور گواہی، حلف ناموں اور قانونی اعلانات کی توثیق، اصل دستاویزات کی مصدقہ نقول کی تصدیق، کوئنزلینڈ کے قوانین کے تحت عوام کو مفت اور شفاف خدمات کی فراہمی اور قانون کے مطابق محدود نیم عدالتی اختیارات کا استعمال شامل ہے۔ محمد عبدالقادر فیصل سینئر جرنسلٹ و ریاستی نائب صدر تلنگانہ اسٹیٹ یونین آف ورکنگ جرنلسٹس نے جناب علی ریاض کی آسٹریلیا کوئنس لائنڈ میں جسٹس آف پیس عہدے پر نامزدگی پر اظہار مسرت کرتے ہوئے جناب علی ریاض کو مبارکباد دی۔ واضح ہوکہ جناب علی ریاض کا تعلق تلنگانہ کے سنگاریڈی سے ہے اور وہ پوسٹ گرائجویشن کی تکمیل کے بعد آسٹریلیا منتقل ہوے اور وہاں پر سماجی سرگرمیوں میں نمایاں رول ادا کیا۔ وہ کوئنز لینڈ میں مختلف تنظیموں سے وابستہ ہیں۔ جناب علی ریاض کا تقرر بالخصوص اہل سنگاریڈی کے لیے قبل فخر ہے۔