سنگاریڈی کے نوجوانوں کیلئے آئی ٹی ہب کا قیام

   

دینی اساتذہ کے مسائل کی یکسوئی اور ائمہ و موذنین کو پلاٹس کا تیقن : چنتا پربھاکر

سنگاریڈی ۔28 نومبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) چنتا پربھاکر امیدوار حلقہ اسمبلی سنگاریڈی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوے کہا کہ گزشتہ 9 سال کے دوران بی آر ایس حکومت نے حلقہ اسمبلی سنگاریڈی کی ترقی کیلئے 5 ہزار 500 کروڑ روپیہ خرچ کی ہے اور حلقہ اسمبلی سنگاریڈی کے مسلمانوں کے لیے تقریباً ایک سو کروڑ روپیہ مالیت کے ترقیاتی کام انجام دئیے گئے۔کندی اور سداسیو پیٹ میں اقلیتی اقامتی اسکول بلڈنگس فی کس 25 کروڑ روپیہ کی لاگت سے تعمیر کے آخری مراحل میں ہے۔ عنقریب ان اسکول بلڈنگس کا افتتاح ہوگا۔ سداسیو پیٹ میں قومی شاہراہ سے متصل 5 ایکر اراضی مسلم قبرستان کو دی گئی اور اس کی باونڈری وال تعمیر کی گئی۔ سنگاریڈی میں 6 ایکر اراضی مسلم قبرستان کیلئے منظور کی گئی اور اس کے لیے باونڈری وال تعمیر کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ اس اراضی کو قابل استعمال بنانے درکار تمام کام اور اقدامات کئے جائیں گے۔ 2 کروڑ روپیہ سے منی حج ہاوز کی تعمیر شروع ہوچکی ہے۔سنگاریڈی کے نوجوانوں کے لیے آئی ٹی ہب قائم کیا جائے گا ، سنگاریڈی تک میٹرو ٹرین کو وسعت دی جائے گی، سنگاریڈی میں ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کے لئے منی رویندر بھارتی تھیٹر قائم کیا جائے گا۔ سنگاریڈی سے وہ کامیاب ہونے پر 10 ہزار رہائشی پلاٹس دیں گے۔ حلقہ اسمبلی سنگاریڈی کے تمام امام و موذنین کو پلاٹس دیں گے۔ دیندار خان فنکشن ہال سنگاریڈی اور مسلم شادی خانہ سداسیوپیٹ کی تعمیر جدید کی جائے گی۔ تمام جماعتوں کے دفاتر کی تعمیر کے لیے فی کس ایک ہزار گز زمین الاٹ کی جائے گی۔ دینی مدارس کے اساتذہ کے مسائل کی یکسوئی کی سعی کی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ حیدرآباد اور سنگاریڈی کی کئی مذہبی جماعتیں اور تنظیموں نے ان کی تائید کا اعلان کیا ہے جس کے لیے وہ ان کے مشکور ہیں۔ انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ سنگاریڈی کی ترقی کے لیے انھیں کار کے نشان کو دیکر کامیاب بنانے کی اپیل کی۔