سنگاپورمیں 20برس بعد پہلی مرتبہ خاتون کو پھانسی کی سزا

   

سنگاپور : سنگا پور 20سال میں پہلی مرتبہ کسی خاتون کو پھانسی کی سزا دینے جا رہا ہے جبکہ انسانی حقوق کی تنظیموں نے فیصلے کی مخالفت کرتے ہوئے سزا روکنے کی اپیل کی ہے۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سنگاپور کے فوجداری انصاف پر کام کرنے والے مقامی ادارے ٹرانسفورمیٹو جسٹس کلیکٹو (ٹی جے سی) کا کہنا ہے کہ 47 سالہ سری دیوی دجامنی کو 30 گرام ہیروئن ا سمگل کرنے پر سزا سنائی گئی ہے۔جبکہ سری دیوی کے علاوہ 56 سالہ ایک مرد کو 50 گرام ہیروئن اسمگل کرنے پر سزائے موت سنائی گئی ہے جس پر چہارشنبہ کو عمل آوری کی گئی۔سری دیوی کو دی گئی سزا پر اگر عمل درآمد ہو گیا تو وہ سنگاپور میں سال 2004 کے بعد پھانسی پر چڑھنے والی پہلی خاتون ہوں گی۔آخری مرتبہ سال 2004 میں 36 سالہ ہیئر ڈریسر یین مے کو منشیات سمگل کرنے پر ہی پھانسی کی سزا دی گئی تھی۔ٹی جے سی کا کہنا ہے کہ دونوں قیدیوں کا تعلق سنگاپور سے ہے اور پھانسی کی تاریخ سے اہل خانہ کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔سنگاپور میں قتل، اغوا اور دیگر سنگین جرائم کے مرتکب افراد کو سزائے موت دی جاتی ہے۔